آج ہر صورت سیالکوٹ جلسے میں جاوں گا،عمران خان

آج ہر صورت سیالکوٹ جلسے میں جاوں گا،عمران خان

اسلام آباد(نیا ٹائم) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنوں  کو آج رات حکومت کیخلاف احتجاج کی ہدایت کردی۔

 

سماجی رابطوں کی سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان  کا کہنا تھا  کہ ہماری حکومت نے کبھی ان لوگوں کے جلسوں، دھرنوں اور ریلیوں کو نہیں روکا کیوں کہ ہم جمہوریت کیلئے پرعزم ہیں۔عمران خان نے کہا کہ میں آج سیالکوٹ میں ہوں گا اور اپنے تمام لوگوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ عشاکی نماز کے بعد اپنے شہروں اور علاقوں میں اس فاشست امپورٹڈ حکومت کیخلاف احتجاج کریں۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جب یہ لوگ اقتدار میں تھے تو انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان پر حملہ، ماڈل ٹاؤن میں قتل کیے اور ججز کو رشوت دی اور اب یہ شریف بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔

 

چیئرمین پی ٹی آئی  کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف خود کو امیر المومنین قراردینے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے جمہوریت کو استعمال اور پامال کیا جبکہ حکومت میں رہتے ہوئے تمام جمہوری اصولوں کو تباہ کیا مگر اب عوام ان کیخلاف اٹھ کھڑے  ہوئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ میں آج سیالکوٹ جاؤں گا اور امپورٹڈ حکومت نے ہماری قیادت اورکارکنوں  کیساتھ جو کیا وہ خلاف توقع نہیں۔ ضمانت پر موجود اس مجرم ٹولے اور ان کے لندن میں بیٹھے سزا یافتہ مافیا سربراہ نے ہمیشہ  ہی اپنے مخالفین کیخلاف فاشسٹ حکمت عملی اپنائی ہے۔

 

 

جلسوں سے روگا گیا تو لانگ مارچ کا اعلان کردیا جائے گا،شیخ رشید