ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے ملازمین کے تبادلے رکوا دئیے

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے ملازمین کے تبادلے رکوا دئیے

لاہور (نیا ٹائم  )ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے 11 ملازمین کے تبادلوں کے نوٹیفکیشن پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ۔

واضح رہے گزشتہ رات سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی آفس کے 11 ملازمین کا تبادلہ کر دیا گیا تھا ۔ جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی سپیکر کے سٹاف آفیسر امان خالد کو تعمیر و مرمت کے شعبے میں جبکہ ترجمان ڈپٹی سپیکر  ، اسسٹنٹ پروٹوکول آفیسر اور پرسنل فوٹو گرافر کو بھی پی آر سیکشن میں ٹرانسفر کیا گیا تھا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی سپیکر آفس کے سینئر کلرک شفاقت علی اور  کمپیوٹر آپریٹرز کو بھی ایڈمن بلاک بھجوا دیا گیا جبکہ جونیئر کلرک محمد حسین کا تبادلہ آر آئی سیکشن میں کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ دیگر ملازمین جن کے تبادلے کئے گئے تھے ان میں ظہور احمد مزاری ، تکسین ارشد ، شاہد حسین اور امیر حمزہ شامل تھے ۔

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے سٹاف کی تبدیلی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رات گئے ملازمین کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن ہونا سمجھ سے بالاتر ہے ۔

انہوں نے سپیکر آفس پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری رہائش گاہ پر تعینات ملازمین کو بھی ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے تاہم میں ایسے کسی بھی اوچھے اور گھٹیا ہتھکنڈے سے ڈرنے یا گھبرانے والا نہیں ہوں ۔

 

مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلوں پر فیصلہ دو سے تین ہفتوں میں ہونے کا امکان