کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں نئی پچز کی تیاری جاری

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں نئی پچز کی تیاری جاری

کراچی(نیا ٹائم  سپورٹس ڈیسک ) نیشنل سٹیڈیم کراچی میں نئی پچز کی تیاری کیلئے کام تیزی سے جاری ہے ، نئی پچز کیلئے نندی پور کی مٹی سٹیڈیم پہنچائی گئی ہے جبکہ دوسری وکٹ کیلئے آسٹریلیا سے مٹی منگوا کر ڈالی جائے گی ۔

پی سی بی کے تحت ملک کے مختلف کرکٹ گراونڈز کی پچز کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے ۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی 13 پچز پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے ۔ جس کیلئے نندی پور سے بڑی مقدار میں مٹی نیشنل سٹیڈیم کراچی پہنچائی گئی ہے ۔

وکٹوں پر برمودہ ڈھاکا گھاس اور دیسی گھاس بھی لگائی جا رہی ہے ۔ پچز کی سطحی مٹی مکمل طور پر ناکارہ ہو چکی تھی جس کو نکال دیا گیا ہے ۔

نیشنل سٹیڈیم کے ہیڈ کیوریٹر نثار احمد کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم کی وکٹ نمبر تین کو مکمل طور پر خالی کر کے اس پر آسٹریلیا سے مٹی منگوا کر ڈالی جائے گی ۔

امید ہے آسٹریلیا سے مٹی اگلے چند ہفتوں میں کراچی پہنچ جائے گی جبکہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی وکٹ نمبر 4 کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی ریسرچ کردہ نئی مٹی سے ہی تیار کیا جائے گا ۔ بقیہ 11 پچز پر نندی پور سے لائی گئی مٹی ڈالی جائے گی ۔

 

غیر ملکی کوچ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ٹریننگ دیں گے