میں سیاست نہیں جہاد کر رہا ہوں ، عمران خان

میں سیاست نہیں جہاد کر رہا ہوں ، عمران خان

اسلام آباد (نیا ٹائم)چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے سارا شریف خاندان ہی جھوٹا اور چور ہے ، شریف برادران ہی اس ملک کے اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں ، انہیں شرم آنی چاہئے کہ مدینہ منورہ واقعہ پر ہمارے خلاف مقدمات درج کئے ۔

اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کل جہلم کے جلسے میں دوں گا ۔ تم نے امریکا کے ساتھ مل کر میری حکومت کے خلاف سازش کی اور حکومت گرائی ، میرے جانے سے سب سے زیادہ خوشی بھارت کو ہوئی ہے ، ڈونلڈ لو جیسا انڈر سیکرٹری حکم دے رہا ہے کہ اپنے وزیر اعظم کو ہٹاو ، ہم ٹشو پیپر کی طرح استعمال ہوئے ۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ساری باتیں پہلے ہی کہہ رہا ہوں ، عوام غیرت مند اور دلیر ہے ، تاہم کرپٹ اور بزدل اس قوم پر مسلط ہیں ۔ مجھے بتائیں کس ملک کا وزیر اعظم لندن کے سب سے مہنگے علاقے میں رہتا ہہے ، یہ ملک میں صرف لوٹ مار کیلئے آتے ہیں ۔ یہی اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں ، انہوں نے پہلے مشرف سے این آر او لیا اور ملک کو اس حال تک پہنچا دیا ۔

سابق وزیر اعطم نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان تحریک انصاف کو حکومت ملی ، اس وقت ملکی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا ۔ ہم نے بیرون ملک سے ڈالرز لے کر آئے ، ملکی ایکسپورٹس میں بھی اضافہ کیا ، ملک کی پانچ بڑی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ۔ ہمارے دور میں بیروزگاری بھی کم ہوئی ۔ ساری دنیا کورونا سے متاثر ہوئی تاہم ہم نے ایسے حالات میں بھی معیشت کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھی بچایا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تم نے ڈونلڈ لو کے ساتھ مل کر سازش کر کے ایک منتخب حکومت کو گرایا ہے ۔ آئی ایم ایف نے رپورٹ جاری کی تھی کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے ۔ سارے  پاکستان کے جرائم پیشہ افراد پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں ۔ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ، میری نہ تو کوئی باہر جائیدادیں ہیں نہ ہی میں سیاست کر رہا ہوں بلکہ میں جہاد کر رہا ہوں ۔ میری حکومت کے گرنے سے بھارت میں خوشیاں منائی گئیں ۔

عمران خان نے اپنے اوپر قائم کئے گئے مقدمات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کبھی بھی اپنے ملک کو نقصان نہیں پہنچائیں گے ، ان کو شرم آنی چاہئے کہ ہمارے خلاف مقدمات قائم کئے ۔ شہباز شریف نے سب سے زیادہ جعلی پولیس مقابلوں میں لوگوں کو مروایا ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری صرف ایک ڈیمانڈ ہے اور وہ ہے نئے انتخابات ، میں 20 تاریخ کے بعد اسلام آباد آنے کی کال دوں گا ، جو اسلام آباد نہ پہنچ سکیں انہیں میں بتاوں گا کہ وہ کیا کریں ۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے پلان کیا ہوا ہے کہ ہمیں گرفتار کر لیں یہ جو بھی منصوبہ بنائیں گے انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا ۔

 

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم طے شدہ معاہدے پر اہم پیشرفت