مرغی کے بعد یوٹیلٹی سٹورز پر مصالحوں کی قیمتوں کو بھی پَر لگ گئے

مرغی کے بعد یوٹیلٹی سٹورز پر مصالحوں کی قیمتوں کو بھی پَر لگ گئے

اسلام آباد (نیا ٹائم)ملک میں مہنگائی کی لہر شدت اختیار کر گئی ، عام مارکیٹ میں مرغی اور گوشت کی قیمتوں کے بعد یوٹیلٹی سٹورز پر دالوں ، بیسن ، کھجور کے بعد مصالحہ جات کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں ۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی طرف سے اپنے تمام برانڈ کے مصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

200 گرام کی پیکنگ میں سرخ مرچ کی قیمت میں 36 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ 100 گرام ہلدی کی قیمت میں 4 روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔

یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 200 گرام دھنیا کی قیمت میں 9 روپے ، بڑی الائچی 50 گرام پیکنگ پر 18 روپے ، سبز الائچی کی قیمت میں 13 روپے ، 200 گرام زیرے کی پیکنگ کی قیمت 23 روپے ، 50 گرام لونگ کی قیمت میں 16 روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپویشن کی طرف سے تمام برانڈ کی 950 گرام پیکنگ چائے کی قیمت میں بھی 47 روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔

جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے واضح رہے سابق حکومت کے دور میں مہنگائی بڑھنے کا اعتراض لگایا جاتا تھا جبکہ اب نئی حکومت کے آنے کے بعد بھی مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا ۔

 

بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نےعوام کو پریشان کردیا