محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

کراچی  (نیا ٹائم   )شہر قائد اور اندرون سندھ والوں کیلئے محکمہ موسمیات والوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، شہر قائد میں گرمی کی تازہ لہر شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کر سکتی ہے ، محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق آئندہ ہفتے شہر کاپارہ 40کا ہندسہ عبور کر سکتا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سنٹر کے مطابق مئی 12 سے 14 مئی کے درمیان کراچی کا پارہ 40 ڈگری سے بڑھ سکتا ہے اور اس دوران سمندری ہوائیں بھی مکمل طور پر بند رہنے کا خدشہ ہے ۔

ارلی وارننگ سنٹر کے عہدیدار کے مطابق وسطی اور بالائی سندھ میں موجود گرمی کی لہر میں بھی 11 سے 12 مئی کے دوران زیادہ شدت آ سکتی ہے جس کے بعد گرمی میں اضافے کا امکان ہے ۔

اسی دوران اندرون سندھ کے علاقوں  دادو ، جیکب آباد ، لاڑکانہ ، سکھر ، شکار پور ، خیر پور ، گھوٹکی ، نوشہرو فیروز سمیت ضلع بے نظیر آباد میں دن کے اوقات میں پارہ 46 سے 48 ڈگری تک جانے کا امکان ہے ۔ گرمی کی لہر سے زیریں سندھ کے علاقے حیدر آباد ، میر پور خاص ، بدین ، عمر کوٹ کے اضلاع بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مذکورہ اضلاع میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے ، محکمہ موسمیات کی طرف سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ گرمی کی شدت میں دن 11 سے سہ پہر 4 بجے تک بلا وجہ گھروں سے نکلنے سے پرہیز کریں ۔

واضح رہے آج اتوار کو کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم اس کے ساتھ سمندری ہوائیں بھی مکمل طور پر بحال رہیں ، شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ۔

 

میدانی علاقوں میں آج موسم کیسا رہے گا