آزادی مارچ ملک کو غلامی سے آزاد کرانے کا مارچ ہے، عمران اسماعیل

آزادی مارچ ملک کو غلامی سے آزاد کرانے کا مارچ ہے، عمران اسماعیل

کراچی (نیا ٹائم)سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہونے جا رہا ہے ، پوری تیاریاں کر لی گئی ہیں ۔

عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکی وزیر خارجہ کے ٹیلیفون پر بلاول بھٹو اچھل رہے ہیں ، یہی تو سازش تھی جس کا ہم کہہ  رہے تھے ، اسی سازش کا تو لوگ حصہ بنے تھے کچھ دانستہ طور پر جبکہ کچھ غیر دانستہ طور پر ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی قیادت میں آزادی مارچ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہو گا ، مارچ کا پورا پروگرام طے ہو چکا ہے ، جن لوگوں نے مسائل کھڑے کئے ہیں ان سب کو کٹہرے میں لائیں گے ۔

سابق گورنر سندھ نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جو کرنا ہے کر لیں ، نہ تو ہمارا کوئی خون ریزی کا ارادہ ہے ، ہمارا مارچ ملک کو غلامی سے آزاد کرانے کا مارچ ہے ۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ ویڈیو والی نانی کا ہمیشہ سے یہی وطیرا رہا ہے ، کبھی کہتی ہیں سوئمنگ پول کی ویڈیو ہے ، کبھی کچھ کہتی ہیں تو کبھی کچھ ۔ اگر کوئی ویڈیو ہے تو سامنے لائیں ۔

واضح رہے اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کو وارننگ یتے ہوئے کہا تھا کہ لانگ مارچ میں کسی بھی طرح کا انتشار یا افراتفری کی منصوبہ بندی کی گئی تو گھروں سے نہیں نکلنے دوں گا ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ مسجد نبوی واقعہ پر مذہبی طبقہ سمیت پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے ، اس واقعہ میں ملوث لوگوں کی شناخت بھی ہو چکی ہے جلد ان کے خلاف کارروائی ہو گی ۔

 

عمران خان 4 سالہ کارکردگی کی بات نہیں کرتے ، شہباز شریف