پکنک نے تین گھرانوں میں صف ماتم بچھا دی

پکنک نے تین گھرانوں میں صف ماتم بچھا دی

کراچی (نیا ٹائم )عید کے دوسرے روز پکنک کے لیے سی ویو پر جانے والے دو کزن ڈوب گئے ، لانڈھی کا 6 سالہ بچہ بھی پانی کی نذر ہو گیا ، گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ۔ عید پر سمندر کنارے پکنک منانے کے شق نے تین گھرانوں کی خوشیاں چھین لیں ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق عید کے دوسرے روز کراچی کے علاقے پپری سے دوستوں کے ساتھ ساحل سمندر پر پکنک منانے جانے والے دو کزن پانی میں ڈوب گئے ۔ لانڈھی سے تعلق رکھنے والا 6 سالہ فیصل بھی لہروں کی نذر ہو گیا ۔ ریسکیو ٹیمیں بچے کی تلاش کر رہی ہیں تاحال کامیابی نہ مل سکی ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق پپری سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سونو کی لاش نکال لی گئی تاہم دوسرے نوجوان دانیال کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ سمندر میں ڈوبنے والے نوجوانوں کے لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ بروقت ریسکیو آپریشن کے ذریعے لڑکوں کی جان بچائی جا سکتی تھی تاہم ریسکیو ٹیموں کو اطلاع ملنے کے باوجود انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی نہیں کی جس کے باعث نوجوان ڈوب گئے ۔ واضح رہے سی ویو پر سمندر کنارے نہانے پر پابندی ہے لیکن انتظامیہ کی غفلت کے باعث ہر سال اس طرح کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں ۔