وزیر اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچ گئے

وزیر اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچ گئے

مدینہ منورہ (نیا ٹائم ویب ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں 13 رکنی پاکستانی وفد سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے ، گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ پاکستانی وفد کا استقبال کیا ۔ 

وزیرا عظم شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی ، وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری ، شاہ زیب بگٹی ، چوہدری سالک حسین ، خواجہ آصف ، مفتاح اسماعیل ، مریم اورنگزیب ، ایم این اے محسن داوڑ اور خواجہ آصف شامل ہیں ، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ذاتی سٹاف کے 4 لوگ بھی وفد میں شامل ہیں ۔ 

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں ۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد بطور وزیر اعظم یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے ۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف روضہ رسول ﷺپر حاضری دینے کے ساتھ ساتھ عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے، وزیر اعظم سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی ، تجارتی اور سرمایہ کاری جیسے تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع دینے کے حوالے سے بات چیت کریں گے ۔ 

ملاقات میں فریقین باہمی دلچسپی امور کے علاوہ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ 

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورے میں مجموعی طور پر ساڑھے 7 ارب ڈالرز کے پیکیج پر بھی بات چیت کریں گے اور سعودی عرب سے رواں سال کے آخر تک 4 ارب ڈالر کی ادائیگیاں موخر کرنے کی بھی درخواست کریں گے ۔ 

ذرائع کے مطابق شہباز شریف سعودی حکام سے سیف ڈیپازٹ کے طور پر مزید 2 ارب ڈالر پاکستان کے اکاونٹ میں رکھوانے کی درخواست بھی کریں گے جبکہ موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی ایک ارب سے بڑھا کر 2 ارب ڈالر کرنے کی درخواست بھی کی جائے گی ۔

 
بھارت میں عبادتگاہوں سے لاوڈ سپیکر اتار دئیے گئے