موجودہ حکمران عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے ، پرویز الہٰی

موجودہ حکمران عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے ، پرویز الہٰی

لاہور (نیا ٹائم )سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے موجود حکمران عوام کو ریلیف نہیں بس تکلیف دے سکتے ہیں ۔ 

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہِٰی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ 

پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان قوم کے حقوق کیلئے نکلے ہیں ، ہم اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں ، دوسری طرف سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چوہدری پرویز الہٰی سے کہا کہ " جب باقی سب اتحادیوں نے ساتھ چھوڑ دیا ، آپ تب بھی مشکل وقت میں ڈٹ کےعمران خان کے ساتھ کھڑے رہے اور آپ نے ان کا ساتھ دینے کا وعدہ نبھایا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین آپ کے اس فیصلے اور کردار پردل سےآپ کی قدر کرتے ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں چوہدری پرویز الہٰی نے ن لیگی غنڈوں کا بہادری سے ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ 

واضح رہے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دینے کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ق میں پھوٹ پڑ گئی تھی اور سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے چوہدری سالک حسین نے وزیر اعظم کے خلاف ووٹ دیا تھا ۔ 

دوسری طرف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے پر حکومت نے چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے چوہدری سالک حسین کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چوہدری سالک حسین کل وفاقی وزیر کا حلف اٹھائیں گے تاہم ان کو کونسی وزارت دی جائے گی اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔

 
پنجاب اسمبلی کا غیر آئینی و متنازعہ انتخاب کروایا گیا ، پرویز الہٰی