لندن میں سیاسی بڑوں کی بڑی بیٹھک ، اہم امور پر گفتگو

لندن میں سیاسی بڑوں کی بڑی بیٹھک ، اہم امور پر گفتگو

لندن (نیا ٹائم ویب ڈیسک )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے اہم ملاقات کی ہے ،ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی ۔ 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے سٹین ہوپ ہاوس میں نواز شریف کے بیٹے کے دفتر پہنچے ، جہاں انہوں نے نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ 

چیئرمین پیپلز پارٹی سابق وزیر اعظم کے درمیان ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور سیاسی معاملات میں اتفاق رائے کے ساتھ ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔ 

بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وفاقی وزراء شیری رحمان ، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ بھی نواز شریف سے ملاقات میں موجود تھے ۔ 

ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات ضروری ہے ، ایک بار پھر ہم نے جمہوریت کو بحالی کی طرف لے کر جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی میں نواز شریف کا کردار اور قربانیاں سب کے سامنے ہیں ، اس نیت کے ساتھ ان کے پاس آیا ہوں کہ ان چیلنجز کا مقابلہ تب ہی ہو سکتا ہے جب ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوا جائے ۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی بیرونی سازش نہیں بلکہ جمہوری سازش ہوئی ، عمران خان کے خلاف ہونے والی سازش وائٹ ہاوس سے نہیں بلکہ بلاول ہاوس سے ہوئی ۔اب عمران خان کا بیانیہ ہے کہ مجھے کیوں نہیں بچایا ۔ 

رہنما پیپلز پارٹی نوید قمر نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات میں کوئی مخصوص ایجنڈا نہیں بلکہ یہ تعلقات کی بہتری کا ایک طریقہ کار ہے ۔ جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈا وقتی فائدہ تو دے دے گا آخر میں جھوٹ نے اپنے انجام کو پہنچنا ہے ۔ عمران خان نے اب تک جو بھی اقدامات کئے ہیں وہ آئین و قانون کے منافی ہیں ۔ عمران خان کو اپنی کرسی کے بجائے ملک کے مفاد کو مد نظر رکھنا چاہئے ۔ 

سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں کسی بھی طرح کا کوئی ڈیڈ لاک موجود نہیں ، بلاول اپنے عہدے کا حلف لینے سے قبل نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ 

واضح رہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وفاقی وزراء کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوئے تھے نہ ہی انہوں نے حلف اٹھایا تھا ، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلز پارٹی صدر مملکت ، چیئرمین سینٹ اور گورنر پنجاب کے عہدوں کی خواہش رکھتی ہے ۔

 
چیئرمین پی پی آج نواز شریف سے ملاقات کریں گے