سستی چینی اور آٹا یوٹیلٹی سٹورز پر نایاب ہو گئے

سستی چینی اور آٹا یوٹیلٹی سٹورز پر نایاب ہو گئے

اسلام آباد (نیا ٹائم ) وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد ہی ملک کے بیشتر شہروں کے یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی اور آٹا نایاب ہوگئے ، یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ۔ 

شہر اقتدار کے شہریوں کا شکوہ ہےکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی کے تحت ماہانہ 5 کلو کے بجائے 2 یا 4 کلو ہی چینی دی جارہی ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر سستا گھی بھی دوسرے درجےکی کوالٹی کا دیا جا رہا ہے ۔ 

فیصل آباد کے یوٹیلٹی سٹورز سے بھی آٹا ، چینی اور گھی غائب ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو مایوس لوٹنا پڑ رہا ہے ۔ ملتان کے یوٹیلٹی سٹوز پر بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے ، جہاں گھی ، آٹا اور چینی کی قلت پیدا ہو گئی ہے ، یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی قلت کے باعث شہریوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔ 

کوئٹہ کے یوٹیلٹی سٹورز پر بھی رمضان پیکیج کے تحت مختلف یوٹیلٹی سٹورز سے آٹا ، چینی اور گھی دستیاب نہیں ، بعض سٹورز پر گھی بھی شہریوں کو رعایتی قیمت پر دستیاب نہیں ۔ 

گوجرانوالہ کے یوٹیلٹی سٹورز سے آٹا ، چینی اور دالیں تو دستیاب ہیں تاہم گھی موجود نہیں ۔ کراچی کے 35 بازاروں میں آٹےکے سرکاری سٹالز لگانے کے فیصلے پر بھی عملدرآمد نہیں ہو سکتا ہے ۔ 

ایف سی ایریا، لیاقت آباد اور گلستان جوہر میں ابھی تک آٹےکے سٹالز نہیں لگائے جا سکے ہیں ، بچت بازارانتظامیہ کا موقف ہے کہ انہیں ابھی تک کوئی ہدایات نہیں ملی ہیں ، جبکہ کمشنر کراچی کی طرف سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شہریوں کو رعایتی قیمت پر آٹے کی فراہمی کی جا رہی ہے ۔ 

واضح رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ بھر میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو دئیے گئے ریلیف پیکیج پر پوری طرح عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی تھی ۔ 

یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا ، چینی اور گھی سمیت 19 اشیاء پر رعایتی نرخ پر فراہمی کا پیکیج دیا گیا ہے جس میں گھی 260 روپے فی کلو دیا جانا تھا ۔ تاہم کراچی کے یوٹیلٹی سٹورز پر سستا گھی صارفین کو دستیاب نہیں ۔

 
وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیدیا