دہشت گردوں کا حملہ ، پاک فوج کا میجر جوان سمیت شہید

دہشت گردوں کا حملہ ، پاک فوج کا میجر جوان سمیت شہید

راولپنڈی (نیا ٹائم )امن دشمنوں کا جنوبی وزیرستان کے علاقے میں پاک فوج کے جوانوں پر حملہ ، پاک فوج کے میجر اور ایک جوان شہید ہو گئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر اور ایک جوان شہید ہو گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے جوان انگور اڈہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہے تھے جس دوران فائرنگ کے تبادلہ میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے جوان اور میجر نے جام شہادت نوش کیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری ہتھیار اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے میجر شجاعت حسین کا تعلق پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جبکہ سپاہی عمران خان کا تعلق بلوچستان کے ضلع نصیر آباد سے تھا ۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ۔ ہمارے بہادر جوانوں اور افسروں کی قربانیاں ہمارے جذبوں اور عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں ۔

 

وزیر اعظم کا میٹرو بس فوری طور پر ائیر پورٹ تک چلانے کا حکم