امریکی سرحد غیر قانونی عبور کرتے بھارتی خاندان سردی سے ہلاک

امریکی سرحد غیر قانونی عبور کرتے بھارتی خاندان سردی سے ہلاک

نئی دہلی ( نیا ٹائم ویب ڈیسک ) غیر قانونی طور پر امریکی سرحد عبورکرتے ہوئے بھارتی خاندان کینیڈا امریکا کی سرحد پر سردی کے باعث ہلاک ہو گیا ، مرنے والوں میں بچوں سمیت 4 افراد شامل تھے ، امریکی سرحد پر غیر قانونی امیگریشن کے دوران بھارتی شہریوں کی ہلاکت پر بھارتی پنجاب میں پولیس حرکت میں آ گئی ۔ پولیس نے 6 افراد کو حراست میں لے لیا ۔

واضح رہے بھارت سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد ہر سال کینیڈا سے امریکا داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں ، بھارتی شہریوں مغربی ریاستوں پنجاب اور گجرات سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن اکثر ایسی کوششیں کرتے ہیں جس میں کئی بار انہیں جان سے بھی ہاتھ دھونا پڑتے ہیں ۔

امریکا اور کینیڈا کے سرد موسم میں بہتر زندگی اور روزگار کے حصول کے لیے وہ سخت موسمی حالات کا مقابلہ کرنے اور ہر طرح کا رسک لینے سے بھی نہیں کتراتے ہیں ۔

گجرات پولیس کے مطابق کینیڈا کی سرحدی پولیس کی جانب سے پاسپورٹ اور دیگر سامان کی تصاویر حاصل کر لی گئی ہیں جس کے بعد تصدیق ہوئی ہے کہ مرنے والے چاروں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق بھارت میں انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں جنہوں نے اس خاندان اور دیگر افراد کو دو نمبری سے بیرون ممالک بھجوایا تھا ۔ پولیس نے 6 افراد کو حراست میں بھی لیا ہے جو بھارتی ریاست گجرات میں ٹریول اینڈ ٹورز کمپنی چلا رہے تھے ۔

واضح رہے کینیڈین صوبے مینیسوٹا کے سرحدی علاقے میں ایک مرد ، عورت ، بچے اور نوعمر افراد کی لاشیں ملی تھیں جس کے بعد حکام نے ایک امریکی شخص کو انہیں غیر قانونی طور پر امریکا لے جانے کا الزام عائد کیا تھا ۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے اہلکار کے مطابق حکام امیگریشن کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں اور تفتیش کا دائرہ کینیڈا اور امریکا تک وسیع کرتے ہوئے ان کے حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں ۔

 

فوج کی فائرنگ سے 27 سمگلرز مار ے گئے