منظور وسان نے نواز شریف کی واپسی کا خواب دیکھ لیا

منظور وسان نے نواز شریف کی واپسی کا خواب دیکھ لیا

کراچی(نیا ٹائم)پاکستان پیپلز  پارٹی کے سینئیر رہنما اور مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق خواب دیکھ لیا۔

 

سیاسی پیش گوئیوں کی وجہ سے مشہور مشیر زراعت سندھ  منظور وسان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے اعلان کے فوری بعد  پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پاکستان واپس آجائیں گے۔ مشیر زراعت سندھ  کاوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری سے متعلق بھی پیشگوئی کرتے ہوئےکہنا تھا کہ وزیراعظم  عمران خان کے جانےکے بعدپاکستانی وزیر خارجہ  اوروفاقی وزیر اطلاعات پی ٹی آئی  سے علیحدہ  ہو جائیں گے اور ہوسکتا ہے کہ دونوں واپس  پاکستان پیپلز پارٹی میں آجائیں۔

 

 منظور وسان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم اقتدار میں نہیں ہوں گے بلکہ کوئی اور ہوگا، جب وزیراعظم یا وزیراعلیٰ نہیں ہوتا تو رفتہ فتہ لوگ پارٹی کوالوداع کہہ دیتے ہیں ۔سندھ کے مشیر زراعت کا کہنا تھا کہ  پاکستان پیپلز پارٹی کا  ستائیس  فروری کو اسلام آباد میں دھرنا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ حکومت کے آخری ایام  میں پتا نہیں چلتا کہ کیا ہو رہا ہے جبکہ  عمران خان کو موبائل فون  پر پتا چلتا ہے  کہ ملک پرکنٹرول ان کاہےلیکن کنٹرول کسی اور کا ہو سکتا ہے۔

 

مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے ملک میں جاری  صدارتی نظام  پر بحث کے حوالے سے   گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں صدارتی نظام کی افواہیں زیر گردش ہیں تاہم  کوئی صدارتی نظام نہیں آرہا اور کوئی صوبہ نہیں چاہے گا کہ ملک میں  صدارتی نظام نافذ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت کسی صورت بھی صدارتی نظام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔واضح رہے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئیر رہنما منظور وسان   سیاسی پیش گوئیوں  کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے ہیں اور ان کی جانب سے کی گئی  پیش گوئی کی خبریں اکثر وبیشتر میڈیا کی زینت بنتی ہیں ۔

 

 

ایم کیو ایم کارکن کی ہلاکت ہارٹ اٹیک سے ہوئی