اسٹیبلشمنٹ اوروزیراعظم کا ایک صفحے پرہونا ملک کیلئے فائدہ مند

اسٹیبلشمنٹ اوروزیراعظم کا ایک صفحے پرہونا ملک کیلئے فائدہ مند

 اسلام آباد(نیا ٹائم)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اوروزیراعظم عمران خان کا ایک صفحے پرہونا ملک کیلئے فائدہ مند ہے۔

 

برطانوی نشریاتی ادارے کوانٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا  تھاکہ عسکری قیادت نے منتخب حکومت کیساتھ کھڑے رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔سول حکومت اورفوج کے درمیان چھوٹے چھوٹے اختلافات  تو ضرورہوسکتے ہیں مگر ایسا نہیں کہ وہ ایک صفحے پرنہ ہوں۔ وزیر  داخلہ کا مزید کہنا  تھاکہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ وزیراعظم عمران خان اورفوجی قیادت کے تعلقات خراب ہوں مگر نہ اسٹیبلشمنٹ بھولی ہے اور نہ ہی عمران خان بھولا ہے۔

 

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم  ساڑھے تین سال سے سابق وزیر اعظم نوازشریف کووطن واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ نواز شریف کو بیرون ملک  بھیجنا ہماری غلطی تھی۔سابق وزیراعظم  سب کی آنکھوں میں دھول جھونک کرباہرجانے میں کامیاب ہو گئے

شیخ رشید کا مزیدکہنا تھا کہ  ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ ایسے افراد کووطن واپس لایا جائے جوپاکستانی  عدالتوں اورحکومت کو مطلوب ہیں  لیکن  متعدد کوششوں کے باوجود سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی واپسی  کوآج تک ممکن نہیں بنایا جاسکا۔

 

شیخ رشیدکا دوران انٹرویو مزید کہنا  تھاکہ آئندہ  دو  مہینوں تک ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کاخطرہ ہے  لیکن  دہشت گردی کی اس تازہ لہر پربہت جلدقابو پا لیا جائے گا۔وزیر داخلہ کا  پاکستان تحریک طالبان(ٹی ٹی پی) کے ساتھ حالیہ مذاکرات کے حوالے سے کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ اب جنگ بندی ختم ہو چکی ہے لیکن اگر وہ ہمارے ساتھ لڑنا چاہتے ہیں تو ہم بھی تیار ہیں جبکہ مذاکرات صرف ایسے گروہ سے ہوں گے جو پاکستانی آئین و قانون کو مانتے ہوں۔

 

وفاقی وزیر داخلہ کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے تئیس مارچ کو ہونے والے لانگ مارچ کے حوالے سے  کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو اپوزیشن کے لانگ مارچ سے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔اپوزیشن جماعتیں شوق سے مارچ کریں لیکن اگر کسی نےقانون  ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

 

 

 

23 مارچ اپوزیشن کی سیاسی شکست کا دن ہو گا