کراچی میں ریلیاں ، پی ایس ایل ٹیموں کا پریکٹس سیشن منسوخ

کراچی میں ریلیاں ، پی ایس ایل ٹیموں کا پریکٹس سیشن منسوخ

کراچی ( نیا ٹائم ) شہر قائد میں سیاسی جماعتوں کی ریلیوں ، کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کے باعث پاکستان سپر لیگ میں شریک ٹیموں کے پریکٹس سیشن منسوخ ہو گئے ۔

کل سے کراچی میں شروع ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن سے قبل آج رات چار ٹیموں نے پریکٹس کرنا تھی ۔ معین خان اکیڈمی میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پریکٹس میچ بھی شیڈول تھا جبکہ نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں نے بھی نیٹ پریکٹس کرنا تھی ۔

سیاسی جماعتوں کی ریلیوں ، کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں اور سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال کے باعث ٹیموں نے پریکٹس سیشن منسوخ کر دئیے ۔

لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں نے آج صبح نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تھا ۔ جبکہ پریکٹس سیشن سے واپسی پر ٹریفک جام سے بچانے کیلئے ٹیموں کو روٹین کے راستوں کے بجائے متبادل راستے سے سٹیڈیم سے ہوٹل پہنچایا گیا ۔

واضح رہے آج کراچی میں ایم کیو ایم نے ریلی کا اعلان کر رکھا تھا ۔ ریلی شارع فیصل سے نکالی جانی تھی ۔ تاہم ایم کیو ایم کارکنوں نے متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شدید شیلنگ کی تھی ۔

 

شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی گراؤنڈ میں ویڈیو وائرل