تیس سال بعد سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے تعلقات بحال

تیس سال بعد سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے تعلقات بحال

ریاض / بنکاک( نیا ٹائم ویب دیسک ) سعودی محل سے زیورات کی چوری کے بعد معطل ہونے والے سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے سفارتی تعلقات تیس سال بعد دوبارہ بحال ہو گئے ۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیر اعظم جنرل برایوت چن اوچا سرکاری دورے پر سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان سے ملاقات کی ۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسی کے امور سمیت اہم امور پر تبادلہ کیا گیا اور دہائیوں سے معطل سفارتی تعلقات کی بحالی کے حوالے سے گفتگو کی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تھائی وزیر اعظم نے 1979 ء کے واقعہ پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی پر زور دیا ۔ ملاقات کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں  نے 30 سال بعد معطل سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفا ق کیا ہے دونوں ممالک جلد اپنے سفیروں کی تعیناتی کا بھی اعلان کریں گے ۔

تعلقات کی بحالی کا اعلامیہ جاری ہونے کے بعد سعودی ائیر لائن نے تھائی لینڈ کیلئے پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ، دونوں ممالک کے درمیان جلد مکمل فضائی آپریشن بھی بحال کرنے پر اتفاق ہو گیا ۔

واضح رہے 1979 ء میں شہزادہ فیصل بن فہد کے محل میں کام کرنے والے تھائی نوجوان نے شہزادے کے بیڈ روم تک پہنچ کر نیلے ہیروں سمیت 20 ملین ڈالرز مالیت کے زیورات چرائے تھے جس کے بعد وہ واپس اپنے وطن فرار ہو گیا ۔

سعودی شہزادے کے محل سے چوری کرنے والے نوجوان نے 90 کلو وزن کے برابر زیورات ایک ایک کر کے فروخت کئے جو ایک سنار نے جانتے ہوئے بھی خریدے کہ یہ چوری کے زیورات ہیں ۔ سعودی حکومت کی شکایت پر تھائی رائل فوج نے کمیٹی تشکیل دے کر چور اور سنار کو گرفتار کر کے آدھے سے زائد زیورات برآمد کر کے سعود ی عرب کو واپس کئے ۔ جن میں سے چار نیلے رنگ کے ہیرے غائب تھے جبکہ واپس کئے گئے زیورات میں بھی جعلی سونا دیا گیا ، بعدازاں تھائی وزراء کی بیگمات کو سعودی ہیروں اور زیورات پہنے بھی دیکھا گیا ۔

سعودی حکومت نے ناقص انکوائری اور چوری شدہ زیورات کی وزراء کی بیگمات کے پاس موجودگی کے انکشاف پر تھائی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر دئیے تھے ۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے بعد دیرینہ رنجش کو بھلا کر دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی بد اعتمادی اور تعلقات کی معطلی کو ختم کر کے تعلقات کو نئے سرے سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ۔

 

امریکہ میں کشتی الٹنے سے 39 افراد ہلاک