کرپشن پہلے 90 دن میں ہی ختم کر دی تھی ، عمران خان

کرپشن پہلے 90 دن میں ہی ختم کر دی تھی ، عمران خان

اسلام آباد ( نیا ٹائم ) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے ، انہوں نے ملک سے کرپشن پہلے 90 دن میں ہی ختم کر دی تھی ۔ ہمارے دور حکومت میں کوئی بھی مالی سکینڈل سامنے نہیں آیا ۔

حکومتی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور شرکاء نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ، صحت کارڈ اور شہباز شریف کے خلاف کیسز کے حوالے سے بات چیت کی ۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شرکاء کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں مالی کرپشن کا ذکر نہیں ، تاہم قانون کی حکمرانی سے متعلق معاملات کو پیش کیا گیا ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان نے ترجمانوں کو بتایا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کا وعدہ ان کی حکومت نے پہلے 90 دن میں ہی پورا کر دیا تھا ، یہی وجہ ہے کہ موجودہ دور حکومت میں کوئی بھی مالی سکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ سابقہ ادوار میں پانامہ سکینڈل جیسے بڑے بڑے سکینڈل منظر عام پر آئے ۔

انہوں نے وزراء کو ہدایت کی کہ شہباز شریف کے کرپشن کیسز اور منی لانڈرنگ کے معاملات کو مزید اجاگر کریں ، عوام کو آگاہ کریں کہ شریف خاندان کے چپڑاسیوں اور کلرکوں کے نام پر کس طرح منی لانڈرنگ کی گئی ۔

وزیر اعظم نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ وہ صحت کارڈ جیسی بڑی سہولت کے فوائد سے بھی عوام کو آگاہ کریں ، عوام کو بہترین معاشی اشاریوں سے متعلق بھی آگاہی دیں ۔ معیشت سے متعلق بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس بھی عوام کے سامنے رکھی جائیں ۔

وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ اگر کوئی بڑا واقعہ رونما نہ ہوا تو معیشت میں مزید بہتری آئے گی ، جس کا فوائد اور ثمرات عوام تک پہنچائیں گے ۔

 

وزیراعظم ہاؤس میں ملک کے بڑوں کی بیٹھک