تو جھوم دُھن کے تنازع پر نرملا کا دس کروڑ کا لیگل نوٹس جاری

تو جھوم دُھن کے تنازع پر نرملا کا دس کروڑ کا لیگل نوٹس جاری

‎کراچی(نیا ٹائم ویب ڈیسک) کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پروڈیوسر زلفی خان کو سندھ سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ اور موسیقار نرملا مگھانی نے اپنی دھن چوری کر کے استعمال کرنے کے الزام میں دس کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

 

‎قانونی نوٹس میں نرملا مگھانی کے وکیل نے زلفی خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 14 جون 2021ء کو میری موکل نے آپ کو واٹس اپ کے ذریعے ’تو میرا رانجھا‘ گانے کی دھن بھیجی تھی اس میسج کے وائس نوٹ بھی موجود ہیں، بعد ازاں آپ کی جانب سے کوئی بات نہیں کی گئی ہے۔

 

‎وکیل نے کہا کہ 14 جنوری 2022 کو جب کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا پہلا گانا ’تو جھوم‘ ریلیز کیا گیا تو نرملا پریشان ہو گئیں ، اس گانے میں وہی دھن استعمال کی گئی تھی جو نرملا کی جانب سے آپ کو ’تو میرا رانجھا‘ کی صورت میں بھیجی گئی تھی۔

 

‎نوٹس میں کہا گیا کہ کاپی رائٹس لاء آپ کو کسی کی دھن بغیر اجازت ٹیلی کاسٹ کرنے ، براڈ کاسٹ یا یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنے کی اجازت نہیں دیتا، ایسا کرنے سے پہلے آپ کو اجازت لینا ضروری ہوتی ہے۔

 

‎قانونی نوٹس کے مطابق ’آپ کو حکم دیا جاتا ہے کہ ان کی دھن کے استعمال کے لیے میرے موکل سے اجازت یا لائسنس لیا جائے اور جب تک آپ کو اس کی اجازت نہیں مل جاتی ، برائے کرام ’تو جھوم‘ گانے کو سوشل میڈیا ویب سائٹس، یوٹیوب اور کوک اسٹوڈیو کے البم سے ہٹا دیا جائے۔‘

 

‎قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا کہ زلفی خان کو نرملا مگھانی کی دھن کو ’تو جھوم‘ گانے میں استعمال کرنے سے روک دیا جائے اور اس کی تحریری طور پر ضمانت بھی حاصل کی جائے، سات روز کے اندر عمل مکمل نہ کرنے پر نرملا زلفی کے خلاف اپنے دائرہ اختیار میں مزید قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

 

‎دوسری جانب زلفی خان کی کمپنی ’گریف پاکستان‘ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں گزشتہ شام نرملا کی جانب سے قانونی نوٹس حاصل ہوا ہے، ہماری قانونی ٹیم اس نوٹس پر کام کر رہی ہے اور اس کا جواب بھی ضرور دیں گے۔

 

نور مقدم کیس پر احسن خان برس پڑے