صحافی حسنین شاہ کے قتل میں ملوث تین ملزم گرفتار

صحافی حسنین شاہ کے قتل میں ملوث تین ملزم گرفتار

لاہور(نیا ٹائم)لاہور میں دودن پہلے  قتل ہونے والے صحافی حسنین شاہ کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔پولیس نے قتل کے الزام میں تین افراد کو گرفتارکر لیا ہے۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق  کیپیٹل ٹی وی سے منسلک صحافی حسنین شاہ کے قتل کے الزام میں تین  افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ذرائع کا  کہنا ہے کہ صحافی حسنین شاہ کو اجرتی قاتلوں کے ذریعے قتل کروایا گیا ہے۔دوسری طرف ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ٖڈاکٹر عابد خان  کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم عامر کی تلاش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم  بھی اسلام آباد بھجوا دی گئی ہے ۔ ڈاکٹر عابد خان کا کہنا تھا کہ بہت جلد ہی مرکزی ملزم بھی قانون کے شکنجے میں ہو گا۔

 

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر عابد خان  کا مزیدکہنا تھا کہ زیر حراست 3 ملزموں سے انکوائری  کا عمل  جاری ہے جبکہ ذرائع کے مطابق  مقتول حسنین شاہ  کولاہور کے  ایک جیولرگروپ نے قتل کروایا تھا ۔مقتول حسنین شاہ کا ان سے پیسوں کے  لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا ۔پولیس ذرائع کے  مطابق جیولرگروپ شہر میں  زیورات دے کر سود کا کام کرتا ہے۔حسنین شاہ کے قتل میں ملوث  جیولر گروپ کے مالک اور ملزموں سے تفتیش کا عمل جاری ہے   ۔

 

خیال رہے کہ صحافی حسنین شاہ کو پیر کے روز پریس کلب کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔واقعے کے بعدصحافیوں  کی ایک بڑی تعداد پریس کلب کے باہر پہنچ گئی تھی اورتمام صحافی  تنظیموں کی جانب سے قتل میں ملوث مجرمان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب راو سردارعلی سے رپورٹ طلب کی تھی ۔وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میں صحافی کا قتل ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے اور قتل میں ملوث ملزموں کوہر صورت کیفر کردارتک پہنچایا جائے گا۔

 

 

لاہور میں کار پر فائرنگ، نجی ٹی وی کا کرائم رپورٹر جاں بحق