مری میں ایک بار پھر متعدد سیاح پھنس گئے

مری میں ایک بار پھر متعدد سیاح پھنس گئے

مری ( نیا ٹائم ) مری میں گزشتہ تین دنوں سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، ٹھنڈے جنگل کے علاقے میں شدید برفباری کےباعث متعدد سیاح پھر پھنس گئے ہیں ۔

ریسکیو اور ہائی وے اہلکار ٹریفک کی بحالی کیلئے مصروف ہیں ۔ ریسکیو حکام کے مطابق ٹھنڈے جنگل میں برفباری کے بعد پھسلن ہو جانے سے ٹریفک جام ہو گئی ۔ مری سے براستہ بھوربن آزاد کشمیر جانے والا ٹھنڈے  جنگل کا راستہ اس وقت مکمل طورپر بلاک ہے جسے کھولنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سڑک ریسکیو اہلکار ٹریفک کی بحالی اور سیاحوں کی محفوظ مقام پر منتقلی کے لیے مصروف عمل ہیں ، مشکل ترین حالات کے باوجود اہلکار بہترین رسپانس ٹیم میں کام کر رہے ہیں ۔ ریسکیو اہلکار ہر کال پر متعلقہ ایریا میں پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔

مری کے چیف ٹریفک آفیسر وسیم ریاض کے مطابق کلڈنہ سے گلیات جانے والے سیاحوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صبح 5 سے شام 5 بجے تک مری میں سیاحوں کی 590 گاڑیاں داخل ہوئیں جبکہ 367 شہر سے نکل گئیں ۔ چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق شام 5 سے صبح 5 بجے تک سیاح مری میں داخل نہیں ہو سکیں گے ۔

وسیم ریاض کا مزید کہنا تھا کہ مری میں اس وقت سیاحوں کی 692 گاڑیاں موجود ہیں ، برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے ٹو ٹرک اور کرین کی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں ۔

 

مری میں برف باری، رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں