ن لیگ سیاسی جماعت کے بجائے مافیا کی طرح کام کر رہی ، عمران خان

ن لیگ سیاسی جماعت کے بجائے مافیا کی طرح کام کر رہی ، عمران خان

اسلام آباد ( نیا ٹائم ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ سیاسی جماعت کے بجائے مافیا کی طرح کام کر  رہی ہے ، اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر ماحول بنا رہی ہیں ۔

حکومتی ترجمانوں کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ہوا ، جس میں ترجمانوں کو موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول پیدا کر رہی ہیں ۔ مجرموں سے ڈیل یا مفاہمت قوم سے غداری کے مترادف ہو گی ۔ انہوں نے کہا ن لیگ کوئی سیاسی جماعت نہیں ، بلکہ مافیا کی طرح کام کر رہی ہے ۔ ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگوں کو استعمال کیا گیا ۔

وزیر اعظم نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ وہ کرپشن کے خلاف بیانیہ میں فرنٹ فٹ پر کھیلیں ۔ انہوں نے کہا ہم احتساب اور کرپشن کے بیانیہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ کرپشن کے خلاف بیانیہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کاموں کو اجاگر کر کے قوم کے سامنے لائیں ۔

وزیر اعظم نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ وہ مثبت معاشی اعشاریوں کو اجاگر کریں کہ عالمی ادارے پاکستانی معیشت کے بارے میں مسلسل مثبت اشارے دے رہے ہیں ۔ پاکستانی معیشت درست سمت میں بڑھ رہی ہے ۔ کاروباری کمپنیاں ریکارڈ منافع حاصل کر رہی ہیں ۔ معیشت میں بہتری کے اثرات جلد عوام تک بھی منتقل ہوں گے ۔

معاون خصوصی برائے احتساب و مشیر داخلہ مرزا شہزاد اکبر کے استعفے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ شہزاد احمد نے مشکل حالات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے مافیا کے خلاف جتنا کام کیا وہ قابل تعریف ہے ، تاہم اب وہ جانا چاہتے تھے ۔

 

فواد چوہدری نے شہباز شریف کے مقدمات براہ راست نشر کرنے کا مطالبہ کر دیا