پی ایس ایل 7 کاترانہ سب سے پہلے کس پلیٹ فارم پرریلزہوگا

پی ایس ایل 7 کاترانہ سب سے پہلے کس پلیٹ فارم پرریلزہوگا

کراچی(نیا ٹائم ویب ڈیسک): مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی جانب سے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو سپانسر کرنے کا اعلان جاری کر دیا گیا ہے۔

 

نجی ٹی وی کے مطابق ٹک ٹاک وہ پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا آفیشل ترانہ سب سے پہلے ریلیز کیا جائے گا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقین کرکٹ کے جوش و جذبہ کو مزید بڑھانے کے لیے یہ ترانہ تمام میچز کے دوران شائقین کی تفریح کے لیے اسٹیڈیم میں بجایا جائے گا۔

 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ہمیشہ سے ایک الگ فین فالونگ رہی ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے معیاری ترانوں کو نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی بے مثال جوڑی کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں اور ترانے کو اسپانسر کرنے کے لیے ٹک ٹاک کے بھی مشکور ہیں۔

 

یاد رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل  نے حال ہی میں ٹک ٹاک کے ساتھ شراکت داری پر 2 سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس سے یہ تعلق مزید مضبوط بن گیا ہے۔ پاکستان، مشرقِ وسطیٰ، ترکی اور افریقہ میں ٹک ٹاک کے ہیڈ آف برانڈ مارکیٹنگ پاؤل کاترب کا کہنا ہے کہ وہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 7ویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے کو ٹک ٹاک جیسی معروف ایپ پر اسپانسر کرنے پر بہت پرجوش ہیں، ٹک ٹاک پاکستان میں کرکٹ شائقین کا گھر بنتا جا رہا ہے۔

 

واضح رہے کہ اس سال پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادو بکھریں گے جبکہ عبداللہ صدیقی کی جانب سے اس ترانے  کو کمپوز کیا گیا ہے۔

 

"ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر"