سعودی عرب پلٹ خاتون بچوں سمیت مبینہ طور پر اغوا

سعودی عرب پلٹ خاتون بچوں سمیت مبینہ طور پر اغوا

گوجرانوالہ ( نیا ٹائم ) سعودی عرب سے گوجرانوالہ آئی خاتون اپنی 2 بیٹیوں اور 2 بیٹوں سمیت مبینہ طور پر اغوا ہو گئی ۔

پولیس ذرائع کے مطابق سعودی عرب پلٹ خاتون پنجاب کے شہر سرائے عالمگیر کے نواحی علاقے فاروق ٹاؤن سے مبینہ طور پر بچوں سمیت لا پتہ ہو گئی ۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر اغوا ہونے والی خاتون چند روز قبل ہی سعودی عرب سے پاکستان آئے تھے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سائرہ نامی خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ شاپنگ کے لیے گھر سے کار پر نکلے ، ان کے گھر سے روانہ ہونے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آ گئی جس میں خاتون کو اپنی فیملی کے ہمراہ گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم گھر سے مارکیٹ جانے کے دوران ہی کار سوار فیملی پر اسرار طور پر لا پتہ ہو گئی ، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ انہیں اغوا کیا گیا ہے ۔ مبینہ اغوا ہونے والوں میں والدہ سائرہ ، 14 سالہ بیٹا ابراہیم ، 13 سالہ بیٹی وردہ ، 9 سالہ بیٹی نرمین اور 6 سالہ بیٹا ارحم شامل ہے ۔

ذرائع کے مطابق بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ خاتون نے بچوں کے ہمراہ گزشتہ روز واپس سعودیہ جانا تھا تاہم وہ سب اچانک سے غائب ہو گئے ۔ بچوں کے والد کی مدعیت میں مشکوک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ پولیس حکام سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بھی مدد لے رہے ہیں ۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے فوری طور پر رپورٹ طلب کر کے لا پتہ ہونے والی اوورسیز فیملی کو بازیاب کروانے کا حکم دیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس حکام کو فوری طور پر خاتون کو چاروں بچوں سمیت بازیاب کروانے کا حکم دیا گیا ہے ، وزیر اعلیٰ نے پولیس سے مغویوں کی بازیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

 

شارٹ ٹرم اغواکی وارداتوں میں سکیورٹی گارڈ گرفتار