عمران خان نے عوام کو غربت سے بچایا ، شاہ محمود قریشی

عمران خان نے عوام کو غربت سے بچایا ، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ( نیا ٹائم ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کے دو سالوں کے دوران عوام کو غربت اور بھوک سے محفوظ رکھا ہے بلکہ ان کے گھروں کا پہیہ بھی چلتا رہنے دیا ہے ۔ جس کے لیے ان کی سیاسی بصیرت کو سلام پیش کیا جانا چاہئے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخلص اور محنتی کارکنان تحریک انصاف کا سرمایہ ہیں جنہیں ہم مایوس نہیں کریں گے ۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں ہوئی ، آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں ۔ جلد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی کم ہو جائیں گے ۔ مہنگائی کم کر کے ہم عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے ۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے ، کورونا کے بعد سے مہنگائی عالمی مسئلہ بن گئی ہے مگر وزیر اعظم عمران خان اور ہماری حکومت نے وبا کے باوجود اقتصادی میدان میں کامیابیاں حاصل کیں ۔ ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ، برآمدات اور زر مبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ۔ سٹاک ایکسچینج اور زراعت کے شعبوں میں واضح بہتری دیکھی گئی ۔ جو ہماری کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا ہمارے تین سالہ دور اقتدار میں اقتصادی ترقی کی شرح کے حوالے سے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں ۔ جس کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی بصیرت کو سلام پیش کیا جانا چاہئے ۔ جنہوں نے کورونا کے دوران بھی عوام کو بھوک و افلاس سے بچا کر ان کے گھروں کے چولہے جلتے رکھے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 22 کروڑ آبادی کے ملک میں کورونا سے صرف 28 ہزار ہلاکتیں ہوئیں ۔ گزشتہ دنوں سپین جانا ہوا وہاں معلوم ہوا کہ صرف ساڑھے تین کروڑ آبادی والے ملک میں کورونا سے 28 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں ۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کوئی بھی وبا صدی کے بعد دوبارہ حملہ آور ہوئی جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد ہلاک ہوئے ۔

جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام اور خاص طور پر اپوزیشن اراکین اسمبلی سے درخواست کروں گا کہ وہ اپنی اپنی قیادت کو نئے صوبے کے لیے راضی کریں ۔ ہم جنوبی پنجاب کے قیام اور ترقی کے لیے آج بھی اپنے قول پر قائم ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا میں نے پی پی ، ن لیگ کی قیادت کو بھی خط لکھ کر دعوت دی ہے کہ وہ آئیں اور جنوبی پنجاب کی عوام کو صوبہ اور ان کے حقوق دینے کے لیے ہمارا ساتھ دیں ہم آج ہی جنوبی پنجاب کے عوام کو صوبے کا تحفہ دے دیں گے ۔ ہم نے سیکرٹریٹ قائم کر کے عوام کو فائدہ پہنچایا ہے تاہم عوام کا مطالبہ ہے کہ ہمیں سیکرٹریٹ نہیں صوبے چاہئے ۔ ہم جو کچھ کر سکتے تھے وہ کر دکھایا آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے میری تقریر پر اپوزیشن ارکان کو سانپ سونگھ گیا اور اسمبلی میں خاموشی چھا گئی ۔ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ہمارا منشور ہے اور ہم آج بھی اپنے منشور پر قائم ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا عوام پاکستان پیپلز پارتی اور مسلم لیگ ن کی اصلیت جاننے کے بعد ان سے متنفر ہو چکی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان عوام کیلئے امید کی کرن ثابت ہوئے ہیں ۔

 

پی ٹی آئی رہنما کا پارٹی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ