تیز رفتار ویگن نالے میں گر گئی، 6 افراد جاں بحق

تیز رفتار ویگن نالے میں گر گئی، 6 افراد جاں بحق

لاہور(نیا ٹائم) تیزرفتاری کے باعث مسافر ویگن کاہنہ کے قریب ہلوکی سیوریج نالے میں گر گئی ، حادثے میں 4 کمسن بچوں اور خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ کے قریب تیز رفتار ویگن ہلوکی سیوریج نالے کے قریب اینٹوں سے بھرے ٹرک سے ٹکرانے کے بعد گندے نالے میں گر گئی جس سے ویگن میں سوار 4 بچوں اور خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کو 45 سالہ رخسانہ شہباز ، 40 سالہ نعیمہ مشتاق ، 8 سالہ فیضان ، 6 سالہ سفیان ، 10 سالہ زین ارو گیارہ سالہ علی حسن کے ناموں سے شناخت کر لیا گیا ۔

ابتدائی تحقیقات ے مطابق مسافر ویگن رائے ونڈ سے لاہور آ رہی تھی جو تیز رفتاری میں اوور ٹیک کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والے اینٹوں سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی ۔ ٹرک سے ٹکرانے کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ہلوکی سیوریج نالے میں جا گری ۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ۔ زخمیوں میں 10 سالہ زینت ، 8 سالہ علی رکھا اور 50 سالہ آمنہ شامل ہیں ۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی ہلوکی کے قریب گاڑی نالے میں گر کر 6 انسانوں کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاں بحق افراد کے لواحقین سےافسوس، تعزیت اور دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نےحادثے سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی ہے ۔

 

ڈاکوؤں کی شوہر کی موجودگی میں خاتون سے زیادتی