دہشت گردوں کو ملک کا سکون تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پرویز خٹک

دہشت گردوں کو ملک کا سکون تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پرویز خٹک

 نوشہرہ(نیا ٹائم)وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مٹھی بھردہشت گردوں کو ملک کا سکون تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سیکیورٹی پالیسی کی منظوری پاکستان میں امن وامان کی ضامن ہے، فورسز اورسیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف ہائی الرٹ ہیں۔

 

نوشہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ملک میں بے شمار قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے، کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، افغان حالات کے باعث  ملک میں دہشتگردی آئی،  قومی جذبے سےنیشنل  ایکشن پلان پر ادارے کام کررہے ہیں اوردہشت گردی کے خلاف کارروائی کریں گے۔

 

پرویز خٹک نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا معاشی بحران کا شکار ہے، کورونا کے بعد مہنگائی بھی دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں پوری دنیا اس کا شکار ہے، عمران خان کی پالیسیاں کی بدولت جلد مہنگائی کو قابو میں لائیں گی۔ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

 

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ  حاصل کیے۔ دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا میں کلین سویپ کریں گے۔ وہ پی ٹی آئی کو منظم کر رہے ہیں۔ اگلے الیکشن میں ملک بھر میں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی۔ وفاق میں بھی حکومت بنے گی اورچاروں صوبوں میں بھی پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ ہونگے۔

 

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مسلسل پروپیگنڈہ کررہی ہیں کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کم ہو رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی جو کھلا جھوٹ ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو تمام جماعتوں سے زیادہ ووٹ ملے۔ ہمارے زیادہ تر ممبران اور تحصیل میئرمنتخب ہوچکے ہیں اورتمام اپوزیشن پارٹیاں زیرو ہوگئی ہیں۔

 

کون آنے کےقابل نہیں،شیخ رشید نے بتادیا