امریکا میں بندروں نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

امریکا میں بندروں نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں

واشنگٹن ( نیا ٹائم ویب ڈیسک ) کورونا ویکسین کے تجربے کیلئے لائے جانے والے بندروں نے پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگوا دیں۔

امریکی ریاست پنسلوانیا میں کورونا ویکسین کے تجربات کے لیے 100 بندروں کو لے جانے والا ٹرک سڑک کنارے کھڑے دوسرے ٹرک سے ٹکرا کر الٹ گیا ، جس کے بعد ٹرک کے جنگلے کا دروازہ کیا کھلا 4 بندر فرار ہو گئے ۔ پولیس اہلکار مفرور بندروں کو تلاش کر رہے ہیں لیکن انہوں نے ساری پولیس کو چکرا کر رکھ دیا ۔ پولیس حکام مفرور " ملزموں " کی تلاش کر رہی ہے ، تاہم ان میں سے صرف ایک ہی ان کے ہاتھ آ سکا ہے ۔ جس سے پولیس حکام کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے ۔

پولیس حکام کے مطابق بندروں کو لے جانے والا ٹرک سڑک کنارے کھڑی کچرے کی گاڑی سے ٹکرا کر الٹ گیا ، جس میں جانورں کی بڑی تعداد گاڑی میں ہی موجود رہی تاہم ان میں سے 4 موقع ملتے ہی فلاڈلفیا کے شمال مغرب کے دیہاتوں کی طرف فرار ہو گئے ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بندروں کو کورونا ویکسین کے تجربات کے لیے ایک لیبارٹری لے جایا جا رہا تھا ۔ سنٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے اور محکمہ صحت کے اہلکار بھی فرار ہونے والے جانوروں کی تلاش کر رہے ہیں ۔ جبکہ ایک ہیلی کاپٹر بھی اس آپریشن میں حصہ لے رہا ہے ۔

پولیس حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان مفرور " ملزموں " سے دور رہیں اور اگر ان میں سے کوئی دکھائی دے تو فوری طور پر پولیس حکام کو اطلاع دیں ۔

 

انسانی لاش کیساتھ 100 سے زائد سانپ کہاں سےبرآمد