شہر قائد گرد و غبار کے طوفان کی لپیٹ میں، معمولات زندگی متاثر

شہر قائد گرد و غبار کے طوفان کی لپیٹ میں، معمولات زندگی متاثر

کراچی (نیا ٹائم) موسم کے بدلتے تیورشہرقائدمیں بھی دکھائی دینے لگے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں اس وقت 35 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔

 

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں آج شام تک چلنے کا امکان ہےاور یہ ہوائیں 40 سے45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ ہواؤں کے جھکڑ کی رفتار 50 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بھی جانے کے امکان ہیں۔

 

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ کراچی میں آج تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔سردار سرفراز کے مطابق شہرقائد کا کم سےکم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 14 فیصد ہے۔

 

خیال رہے کہ کراچی مسلسل دو روز سے گرد و غبار کے طوفان کی لپیٹ میں ہے اور شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کے باعث معمولات زندگی متاثر ہیں۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق آج کراچی فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا میں تیسرے اور پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے اور شہر کی ہوا میں ذرات کی تعداد 224 ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری، سردی کی شدت میں مزیداضافہ

 

گزشتہ روز شہر میں تیز ہواؤں کے باعث دیواریں گرنے سے مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئےتھے۔ادھر محکمہ موسمیات نے طوفانی ہواؤں کے باعث شہر میں آج سے درجہ حرارت سنگل ہندسوں پر جانے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں سردی کی شدت 27 جنوری تک برقرار رہے گی۔