سی ٹی ڈی پشاور کی کارروائی،داعش سہولت کار گرفتار

سی ٹی ڈی پشاور کی کارروائی،داعش سہولت کار گرفتار

پشاور(نیا ٹائم)سی ٹی ڈی پشاور  کی جانب سے  گزشتہ شب  ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے سہولت کار  کو گرفتار کر لیا گیا۔

 

 تفصیلات کے مطابق  کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)  پشاور اور مقامی پولیس کو اطلاع ملی کہ سردار کالونی رنگ روڈ پشاور کے قریب قبرستان میں چند دہشتگرد دہشتگردی  کی  نیت سے موجود ہیں۔اطلاع ملتےہی کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پشاور اور مقامی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کیلئے  سرچ آپریشن شروع کر دیا۔دوران سرچ آپریشن کچہ راستہ روندہ اراضیات قبرستان سردار کالونی نزد رنگ روڈ پشاور میں موجود  چند دہشتگردوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند  فائرنگ شروع کر دی۔

 

 پولیس پارٹی کی جوابی فائرنگ سے تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے  جبکہ دیگر دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔ہلاک شدہ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا ۔سی ٹی ڈی  پشاور نے انسداد دہشتگردی ایکٹ سال 1997 کے تحت مقدمہ درج کرکے  داعش تنظیم کے فرار دہشتگردوں اور سہولت کاروں کی تلاش شروع کرکے سپیشل انویسٹی گیشن اور چھاپہ مارٹیمیں تشکیل دیں ۔

 

 تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط سے استفادہ کرتے ہوئے ہلاک شدہ دہشتگردوں کے ایک سہولت کار رضوان اللہ جو کہ  کنڑ افغانستان کا رہائشی  تھا  کو جمیل چوک رنگ روڈ پشاور سے  سپیشل چھاپہ مار ٹیم نے گرفتار کیا ہےجس سے سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار سہولت کار سے اسلحہ اور مذہبی لٹریچر بھی بر آمد ہوا ہے  جبکہ  سہولت کار رضوان سے دوران تفتیش مزید انکشافات  بھی متوقع ہیں۔

 

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ انسدادد ہشتگردی کے قومی ادارے سی ٹی ڈی کی جانب سے آئے روزدہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز عمل میں لائے جاتے ہیں  جن میں دہشتگرداور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف مقابلے بھی  عمل میں آتے ہیں ۔

 

پٹرول بھروانےکےدوران آگ لگنےکی ویڈیووائرل