ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے ، حماد اظہر

ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے ، حماد اظہر

اسلام آباد ( نیا ٹائم ) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے ۔ اور ملکی معیشت کی شرح ترقی 5.37 فیصد رہی ہے ، معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر عوامل اور محرکات بھی شامل ہیں ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے تیسرےسال میں اچھی گروتھ کی تاہم اب اچھی گروتھ کو مستحکم رکھنا ہو گا ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ حکومت خاطر خواہ ایکسپورٹ میں اضافہ نہیں کر سکی ۔ حکومت نے بہت ساری اصلاحات کیں اور آئندہ بھی یہ عمل جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ معاشی گروتھ کے اثرات نچلے طبقے تک پہنچانے کے لیے سماجی اقدامات کی ضرورت ہے ۔

لاہور میں ہونے والے بم دھماکے سے متعلق افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی کو بھی ملکی امن و سلامتی تباہ نہیں کرنے دیں گے ۔

وزیر توانائی نے کہا ہم سماجی اقدامات کر رہے ہیں ۔ طبقات کی محرومی دور کرنے کیلئے احساس پروگرام اور صحت انصاف کارڈ متعارف کروایا ہے ۔ ایک بار پھر ملک میں بڑھتی مہنگائی کو عالمی مہنگائی کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ۔

حماد اظہر نے کہا فیول ایڈجسٹمنٹ پہلی بار نہیں ہو رہی ، باقی دنیا میں بھی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ بھارت کا حال دیکھ لیں ان کی معیشت کس حال میں ہے ۔ روپیہ اپنی ویلیو حاصل کر رہا ہے ، روپے کی قدر 10 فیصد کم ہوئی تاہم دنیا کی تمام بڑی کرنسیوں کی ویلیو میں کمی ہوئی ہے ۔

حماد اظہر نے وضاحت کی کہ جتنی گیس کی پیداوار ہو رہی ہے اتنی ہی آگے سپلائی دے رہے ہیں ۔ کراچی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا ملبہ انہوں نے صنعت کاروں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ کراچی میں صنعتکاروں نے اسٹے آرڈرز لے رکھے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو لوڈ شیڈنگ بھگتنا پڑ رہی ہے ۔

 

دنیا کورونا سے اور ہم کرپشن سے نبردآزما رہے