ترک صدر نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحالی کا عندیہ دے دیا

ترک صدر نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحالی کا عندیہ دے دیا

انقرہ ( نیا ٹائم ) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحالی کا عندیہ دے دیا ہے ، انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد اسرائیلی صدر ایزاک ہرزوگ ترکی کا دورے پر آ سکتے ہیں ۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق سربیا کے صدر الیگزینڈر ووجچ ترکی کے دورے پر پہنچے  جہاں ان کے ترک منصب  نے ان کا استقبال کیا ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے درجنوں معاہدوں پر بھی دستخط کئے ۔

ملاقات کے بعد دونوں صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی ۔ ترک صدر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی صدر ہرزوگ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد ترکی کے دورے پر بھی آئیں گے ۔

ترک صدر نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ بھی ترکی کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے حامی ہیں اور ترکی بھی مثبت سوچ کے ساتھ کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا چاہتا ہے ۔

صدر رجب طیب اردوان نے مزید کہا بحیثیت سیاستدان ہم لڑائی جھگڑے نہیں ، امن چاہتے ہیں ، اگر خطے میں قیام امن کے لیے "پٹرول " کوئی وسیلہ بن سکتا ہے تو ہم اسے بھی امن کے قیام کے لیے استعمال کریں گے ۔

تاہم ترک صدر نے واضح کیا کہ اگر پٹرول امن کے قیام کے لیے وسیلہ نہیں بن سکتا تو ہر ملک اپنی ترجیحات کے مطابق فیصلہ کر سکتا ہے ، انہوں نے کہا ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نے ڈرلنگ اور بحری جہاز بلا وجہ نہیں خریدے ہیں ۔

ترک صدر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے بحیرہ روم کی متنازع گیس پائپ لائن کی حمایت سے انکار کر دیا ہے ، جس کے بعد ترکی کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں ۔

واضح رہے اسرائیل اور ترکی کے درمیان تعلقات 2010 ء سے منقطع ہیں ۔ جب غزہ کی پٹی میں جانے والے ترک بحری بیڑے پر اسرائیلی فوج نے حملہ کر دیا تھا جس میں 10 ترک شہری جاں بحق ہوئے تھے ۔

 

حوثیوں کے حملے پر سلامتی کونسل اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ