وزیر اعظم عمران خان نے پرویز خٹک کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

وزیر اعظم عمران خان نے پرویز خٹک کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

پشاور ( نیا ٹائم ) وزیر اعظم عمران خان نے ایک روزہ دورہ پشاور کے موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے ۔

صوبائی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ وقت ثابت کرے گا کہ خیبرپختونخوا میں پرویز خٹک کی حکومت نے دور رس اقدامات کئے جنہوں نے دیرپا اثرات چھوڑے ۔

انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کے سابق دور حکومت 2013 ء میں خیبرپختونخوا میں ہیلتھ کارڈ منصوبہ شروع کیا گیا تھا ۔ جو اب دیگر صوبوں میں بھی متعارف کروایا گیا ہے ۔

عمران خان نے مزید کہا پاکستان ایک طرف تو افرادی قوت کی کمی کا سامنا کر رہا ہے تو دوسری طرف بیروزگاری کابھی سامنا کر رہا ہے ۔ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی جتنی تعلیم دیں گے اتنا ہی ملک کو فائدہ ہو گا ۔

خیبر پختونخوا میں 2013 ء 2018 ء تک موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک بطور وزیر اعلیٰ خیبر حکومت کر چکے ہیں ۔

واضح رہے گزشتہ دنوں وزیر اعظم اور پرویز خٹک کے درمیان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا ۔ ذرائع نے دعویٰ کیا تھا ، وزیر دفاع نے اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان سے کہا تھا کہ آپ کو وزیر اعظم ہم نے بنوایا ہے ۔

خیبر پختونخوا میں گیس بند ہے ، ہمارا صوبہ بجلی اور گیس پیدا کرتا ہے اور ہمیں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اگر یہی رویہ رہا تو ہم آپ کو ووٹ نہیں دے سکیں گے ۔

وزیر دفاع کی سخت تنقید اور رویے پر عمران خان اجلاس سے اٹھ کر جانے لگے اور کہا تھا کہ اگر آپ میری حکومت سے مطمئن نہیں تو حکومت کسی اور کو دے دیتا ہوں ۔ تاہم پارٹی کے دیگر سینئر ارکان قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کو جانے سے روک لیا ۔ تاہم وزیر دفاع اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے ۔

بعدازاں وزیر دفاع نے موقف اپنایا تھا کہ اجلاس کے دوران کسی سے بھی تلخ کلامی نہیں ہوئی ، صرف اپنے حق کے لیے آواز بلند کی ۔

 

وزیرِ اعظم عمران خان کا ایک روزہ دورہ پشاور