ایران نے سعودی عرب میں سفارتخانہ کھولنے کا عندیہ دیدیا

ایران نے سعودی عرب میں سفارتخانہ کھولنے کا عندیہ دیدیا

تہران ( نیا ٹائم ویب ڈیسک ) ایران اور سعودی عرب کے درمیان برف پگھلنے لگی ۔ ایرانی حکام نے سعودی عرب میں سفارتخانہ کھولنے کا عندیہ دے دیا ۔ ایرانی سفارتخانہ 2016 ء میں دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد سے بند تھا ۔

عالمی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودیہ اور ایران کے براہ راست مذاکرات کے پانچویں دور میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ دونوں ملکوں کے ذمہ داران آج جدہ میں بھی اہم ملاقات کر رہے ہیں ۔

ایران کے 3 اہم سفارتکار جدہ میں موجود ہیں جہاں وہ اپنے ملک کے او آئی سی کے نمائندہ دفتر کا دوبارہ افتتاح بھی کریں گے جو پچھلے 6 سال سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے بعد سے بند تھا ۔

ایران کے وزیر خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی سفارتکار جدہ روانہ ہوئے ہیں تاہم ابھی تک سفارتکاروں کے ناموں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔ ترجمان خطیب زادہ نے ایران کے سعودیہ میں سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا بھی اشارہ دیا ہے ، تاہم اس حوالے سے سعودی عرب کو بھی عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔

دونوں ملکوں کے تعلقات اس وقت کشیدہ ہو گئے تھے جب 2016 ء میں سعودی عرب میں شیعہ عالم دین کا سر قلم کر دیا گیا تھا ۔ جس کے بعد ایران میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے ، تہران اور مشہد کے سعودی سفارتخانوں پر مشتعل افراد نے حملے بھی کئے تھے ۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بھی منقطع ہو گئے تھے ۔

دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کروانے کے لیے گزشتہ برس عراق کی کوششوں کے بعد سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان اب تک مذاکرات کے 5 دور ہو  چکے ہیں اور دونوں ممالک مذاکرات کی کامیابی کے لیے پر امید ہیں ۔

 

شہزادہ ہیری نے برطانوی عدالت کادروازہ کھٹکھٹالیا