پنجاب کے سکولز میں نئی یونیفارم متعارف کروانے کا فیصلہ

پنجاب کے سکولز میں نئی یونیفارم متعارف کروانے کا فیصلہ

لاہور ( نیا ٹائم ) وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے پنجاب بھر کے سکولز میں نئی یونیفارم متعارف کروانے کی ہدایت کر دی ۔ وزیر تعلیم پنجاب کے مطابق سکول کے طلبہ کے لیے ٹوپی جبکہ طالبات کے لیے دوپٹہ یا سکارف لینا لازم ہو گا ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے پہلی بار پرائمری سکول کے طلبہ کو ناظرہ قرآن پاک جبکہ چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے طلبا و طالبات کو قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پڑھانے کا ایکٹ پاس کیا ہے ۔ اب تعلیمی اداروں میں لازمی طور پر قرآن پاک پڑھانے کے فیصلے پر عملدرآمد کروائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام سکولز کے یونیفارم میں بھی ترمیم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ نجی سکولز بھی اپنے یونیفارم میں تبدیلی لائیں ۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سکول کے تمام طلباء کے لیے ٹوپی جبکہ طالبات کے لیے دوپٹہ یا سکارف سکول یونیفارم کا لازم حصہ بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں اساتذہ کی 30 ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہیں جنہیں پُر کرنے کے لیے جلد اقدامات کئے جائیں گے ۔

صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ کورونا وبا کی پانچویں لہر کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ جب تک دیگر محکمہ کھلے ہیں تعلیمی ادارے بھی کھلے رہیں گے ۔

واضح رہے آج این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ، سکولوں کے کھلے رہنے یا بند کرنے کے حوالے سے فیصلے کے لیے دوبارہ اجلاس طلب کیا جائے گا ۔

 

وزیرِ اعظم عمران خان کا ایک روزہ دورہ پشاور