وزیراعظم کے دورہ چین کے شیڈول کی تصدیق ہو گئی

وزیراعظم کے دورہ چین کے شیڈول کی تصدیق ہو گئی

 اسلام آباد(نیا ٹائم)وزیراعظم کے دورہ چین کے شیڈول کی تصدیق ہوگئی ہے اور وہ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

 

 تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے شیڈول کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر 3 سے 5 فروری کو بیجنگ روانہ ہوں گے۔

 

وزیراعظم چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک سمیت تمام امور پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوہری جنگ اور ہتھیاروں کی دوڑ کی روک تھام کے حوالے سے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کا مشترکہ بیان قابل تعریف ہے۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل مستقل ارکان کے درمیان مفاہمت اچھی اپڈیٹ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے عالمی، علاقائی تزویراتی استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر، پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے تخفیف اسلحہ کے معاملات کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور دوستانہ ہمسائیگی چاہتا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہندوستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان بامعنی بات چیت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی رومانیہ اور سپین کا دورہ کر چکے ہیں۔ اس دوران پاکستان اور رومانیہ کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون اور تعلیمی وظائف کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

      

’آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا‘اور ہم ہی پس رہے ہیں ،کس کاکہنا