شہر قائد میں 73 لاکھ کی ڈکیتی ، مزاحمت پر شہری قتل

شہر قائد میں 73 لاکھ کی ڈکیتی ، مزاحمت پر شہری قتل

کراچی ( نیا ٹائم ) شہر قائد کے پوش علاقے کلفٹن میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والا شہری لٹنے کے بعد ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ، ڈاکو 73 لاکھ روپے لے کر فرار ہو گئے ۔

کلفٹن تھانے کے علاقے کلفٹن شون سرکل انڈر پاس کے قریب بینک سے رقم لے کر جانے والے شہری کو ڈاکوؤں نے روک کر لوٹنے کی کوشش کی تو مزاحمت پر ملزموں نے فائرنگ کر کے شہری کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا ۔

ریسکیو ٹیموں نے زخمی کو جناح ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ مقتول کو 35 سالہ ویر بھان ولد سمرداس کے نام سے شناخت کر لیا گیا ۔ جو کلفٹن باتھ آئی لینڈ کا رہائشی اور کاروباری شخصیت تھا ۔

ایس پی کلفٹن ابریز علی عباسی کے مطابق مقتول ویر بھان اپنے بھائی کے ہمراہ کلفٹن بلاک 9 شون سرکل انڈر پاس کے قریبی بینک سے 73 لاکھ روپے کے تین چیک کیش کرواکر بینک سے نکلا اور اپنی گاڑی کی جانب جانے ہی لگا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم ملزموں نے اسلحہ کے زور پر اسے لوٹنے کی کوشش کی ۔ مقتول کی جانب سے مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا ۔

ایس پی کلفٹن نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح ملزمان مقتول شہری سے 73 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے ، زخمی کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ سے مقتول کی گاڑی کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔ واقعہ کے بعد پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے واردات سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ جائے وقوعہ کے قریب لگے سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے ۔

دوسری جانب شہر قائد کے زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے میں کورنگی کورسنگ کے قریب شمیم مسجد کے قریب بھی ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزموں نے فائرنگ کر کے 20 سالہ لڑکی سمیرا دختر ایوب کو زخمی کر دیا جسے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

 

اڑھائی سالہ بچے کے اغواء میں سٹیج اداکارہ ملوث نکلی