پرائمری سکول کے بچوں کو دودھ مفت ملے گا

پرائمری سکول کے بچوں کو دودھ مفت ملے گا

لاہور ( نیا ٹائم ) پنجاب کے پرائمری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر مفت دودھ کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ۔ ابتدائی طور پر شیخوپورہ اور اٹک کے دو اضلاع کی حدود میں 89 پرائمری سکول کے بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر دودھ مہیا کیا جائے گا ۔

سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے لیے لاہور میں " دودھ پروگرام " کی افتتاحی تقریب سجائی گئی جس میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک اور صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکول جانے والے بچوں کے لیے دودھ فراہمی کا پروگرام اپنی مثال کا پہلا پروگرام ہے جس کے لیے یونیورسٹی آف ایجوکیشن ، ویٹرنری یونیورسٹی اور فریز لینڈ کیمپینا کا تعاون حاصل ہے ۔ ابتدائی طور پر 6 ماہ کے لیے پنجاب کے دو اضلاع شیخوپورہ اور اٹک کے 89 پرائمری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو روزانہ مفت دودھ مہیا کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے دودھ مکمل غذا ہے جو ان کی نشوونما اور بڑھوتری کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے ۔ پاکستانی بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کی شرح انتہائی تشویشناک حد تک کم ہے ۔ کاشتکار اور مویشی پال حضرات فوڈ چین سسٹم کی بنیادی اکائی ہیں لہذا مویشیوں کی غذائی ضروریات کے حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک پوری طرح کوشاں ہے ۔

سردار حسنین بہادر دیشک نے مزید کہا کہ اس اہم منصوبے کی افادیت اور بچوں میں غذائی قلت کے نقصانات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے میڈیا بھی اپنا کردار ادا کرے ۔

منصوبے کی افتتاحی تقریب سے ویٹرنری یونیورسٹی ، ایجوکیشن یونیورسٹی اور فریز لینڈ کیمپینا کے مابین ایم او یو بھی دستخط کیا گیا اور مہمانوں نے پروگرام میں شریک بچوں میں دودھ کے ڈبے بھی تقسیم کئے ۔

 

خیبرپختونخوا میں شکست کیوں ہوئی ؟ تحقیقات کرانے کا فیصلہ