• Thursday, 29 September 2022
مسلم لیگ ن کا وزیر اعظم کون ہو گا ؟ مریم نواز نے بتا دیا

مسلم لیگ ن کا وزیر اعظم کون ہو گا ؟ مریم نواز نے بتا دیا

اسلام آباد ( نیا ٹائم ) مسلم لیگ ( ن) کی مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازنے پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے حوالے سے بتا دیا ۔ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر شہباز شریف اور دیگر قیادت نے فیصلے کا اختیار نواز شریف کو دے رکھا ہے ، وقت آنے پر وہی فیصلہ کریں گے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں اور انتہائی سینئر سیاستدان ہیں ۔ تاہم پارٹی نے اور شہباز شریف نے بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے حوالے سے فیصلے کا اختیار نواز شریف کو دے رکھا ہے ، وقت آنے پر پارٹی فیصلہ کرے گی ۔

مریم نواز نے کہا کہ میرے لیے اس سے زیادہ اعزاز اور خوشی کی بات اور کیا ہو گی کہ میں شہباز شریف کے پیچھے کھڑی ہوں ۔

واضح رہے چند روز قبل سابق وپاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں واضح طور پر کہا تھا کہ مریم نواز مسلم لیگ ن کی جانب سے وزارت عظمیٰ کی امیدوار نہیں ، وہ انتخابات میں حصہ لینے کی اہل نہیں ۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب بھی ملک میں انتخابات ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے وزیر اعظم کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے ۔ شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ عموماً یہی ہوتا ہے کہ جو پارٹی کا صدر ہوتا ہے وہی وزیر اعظم بنتا ہے ۔ بطور پارٹی صدر شہباز شریف ہی ہماری طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے ۔

تاہم اس حوالے سے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے جو بیان دیا ہے کہ شہباز شریف ہماری طرف سے وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے ۔ شاہد خاقان عباسی سینئر رہنما ہیں ، انہوں نے اپنی معلومات کے مطابق ہی جواب دیا ہو گا مجھے ایسا کچھ بھی معلوم نہیں ہے ۔

 

مولانا فضل الرحمٰن کا اقتدار میں آنا بدقسمتی ہے ، فواد چوہدری