تبدیلی رُسوا ہو کر واپس جا رہی ہے ، مریم نواز

تبدیلی رُسوا ہو کر واپس جا رہی ہے ، مریم نواز

لاہور ( نیا ٹائم ) خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بڑے برج الٹ گئے ، حکمران پارٹی کے کئی قلعے زمین بوس ہو گئے ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی پاکستان تحریک انصاف کی ہار پر طنزیہ ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ، تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ خوار ہو کر جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں سے 58 تحصیلوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں ، جن میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ( ف) 20 سیٹوں کے ساتھ خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ۔ پشاور سٹی میئر کی نشست پر بھی جمیعت علمائے اسلام (ف ) کے امیدوار زبیر علی واضح برتری حاصل کر چکے ہیں ، پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی عبرتناک شکست پر پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے طنزیہ ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تبدیلی ذلیل ہو کر جا رہی ہے ۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ کی رہنما مریم نواز نے لکھا " تبدیلی آ نہیں رہی ، تبدیلی جا رہی ہے ، رسوائی ، بدنامی اور کروڑوں بد دعائیں سمیت واپس جا رہی ہے "

لیگی رہنما نے مزید لکھا کہ تبدیلی 22 کروڑ عوام کو مہنگائی ، لاقانونیت ، نالائقی اور نااہلی کی دلدل میں دھکیل کر ، ہر شعبے میں تاریخی ناکامی کے داغ ماتھے پر سجا کر تبدیلی جا رہی ہے ۔

واضح رہے اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو اپنے سیاسی قلعوں میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ، صوبائی حکومت ہونے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اپنی نشستیں ہار چکے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کو مردان ، کوہاٹ ، پشاور اور بنوں میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

 

تحریک انصاف کو پنجاب میں بھی شکست دیں گے،عظمیٰ بخاری