رمیز راجہ کے تبصرے پر کامران اکمل کا ردعمل

رمیز راجہ کے تبصرے پر کامران اکمل کا ردعمل

لاہور(نیاٹائم)ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے رمیزراجہ کے تبصرے پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کھلاڑیوں کی کیٹیگری کی تبدیلی پر تبصرہ نامناسب ہے۔

 

کامران اکمل نے چیئرمین پی سی بی  کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹر کی حیثیت سے مجھے ابھی کھیلنا ہے۔ فٹ رہا اور کارکردگی دکھائی تو 10 سال بھی کھیل سکتا ہوں۔ عمر اور سات سال سے پی ایس ایل کھیلنے کو کیٹیگری تبدیل کرنے کی وجہ بتانا مناسب بات نہیں ہے۔

 

کامران اکمل کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کیلئے اور اپنی لیگ کیلئے کھیل رہے ہیں۔ پرفارم کیا ہے تو فرنچائز والوں نے کھلایا ہے۔ دوسروں کی طرح ان آوٹ ہو کر نہیں کھیل رہا۔

 

وکٹ کیپر اوربیٹر نے کہا کہ سینئر پلیئرز نے محنت اور جذبے کی وجہ سے بڑی خدمات دی ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ یہ برتاؤ اور چیئرمین کا تبصرہ مناسب نہیں ہے۔

 

کامران اکمل نے کہا کہ پیسوں کی اتنی اہمیت نہیں ہے لیکن جو کیٹیگری دی گئی وہ میری بنتی نہیں ہے۔

 

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کیلئے پشاور زلمی نے کامران اکمل کو سلور کیٹیگری میں پک کیا جسکے بعد ٹیسٹ کرکٹر نے پی ایس ایل سے احتجاجا دستبردار ہونے کا اعلان کردیاہے۔

 

لیکن اس کے بعد جب رمیز راجا سے کامران اکمل کے پی ایس ایل سے دستبرداری کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا ہیرو ساتویں ایڈیشن کا بھی ہیرو ہی رہے۔

 

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ کھلاڑی جو نیشنل لیول پر ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اگر ان کی کیٹیگری میں چینجنگ کی گئی ہے تو اس میں کوئی بری بات نہیں ہے۔ ہم نے فرنچائزز کو بھی کہا ہے کہ ایسے نوجوانوں کو مواقع مہیا کریں جو مستقبل میں پاکستان  کیلئے کھیل پاتے ہیں۔

 

پہلا ٹی20: ویسٹ انڈیزبمقابلہ پاکستان