• Thursday, 27 January 2022
سیالکوٹ واقعہ ، پاک سری لنکا تعلقات متاثر نہیں کرے گا ، شاہ محمود قریشی

سیالکوٹ واقعہ ، پاک سری لنکا تعلقات متاثر نہیں کرے گا ، شاہ محمود قریشی

لاہور ( نیا ٹائم ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ پاک سری لنکا تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو گا ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ افسوسناک ہے ، ہم نے نہ صرف واقعہ کی مذت کی بلکہ سخت نوٹس بھی لیا ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ سیکرٹری خارجہ کی سطح پر مکمل رابطے میں ہیں جبکہ میں نے سری لنکن وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا ہے ۔ سری لنکا پاکستانی موقف ، اقدامات اور بروقت کارروائی سے مطمئن ہے ۔ واقعہ کی انکوائری کے لیے متعلقہ حکام کو 48 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے ۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سری لنکن حکومت کو واقعہ کی مکمل اور جامع تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے ، ایسے ظالمانہ اقدامات کی ہمارے ایمان اور ملک میں کوئی جگہ نہیں ۔ واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور متاثرہ فیملی کو انصاف دلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ چند شر پسند عناصر کی کارروائی تھی حکومت کی نہیں ۔ واقعہ پاک سری لنکا تعلقات کو متاثر نہیں کرے گا ۔ سری لنکن منیجر کی پر تشدد ہلاکت نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم بذات خود سیالکوٹ معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں ، فیکٹری منیجر کی فیملی کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں ۔ مقتول فیکٹری منیجر کی مکمل طور پر مدد کریں گے اور ان کو انصاف فراہم کر کے پوری طرح مطمئن کریں گے ۔

واضح رہے گزشتہ روز سیالکوٹ کی فیکٹری میں توہین مذہب کا الزام لگا کر مشتعل ورکرز نے سری لنکن منیجر کو قتل کر دیا تھا ، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے 2 مرکزی ملزموں سمیت 110 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔

 

پولیس کی کوئی کوتاہی نہیں، آئی جی پنجاب کادعوی