کورونا خطرات ، پاکستان نے 7 ممالک پر سفری پابندیاں عائد  کر دیں

کورونا خطرات ، پاکستان نے 7 ممالک پر سفری پابندیاں عائد  کر دیں

اسلام آباد ( نیا ٹائم ) کورونا وائرس کی نئی قسم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، نئے ویرینٹ سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے ہانگ کانگ اور 5 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق جن ممالک پر سفری پابندیاں لگائی گئی ہیں ، ان میں ہانگ کانگ ، جنوبی افریقہ ، موزمبیق ، نمیبیا ، لیسوتھو ، اسواتینی ، اور بوٹسوانا شامل ہیں ۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ سفری پابندی میں شامل 7 ممالک کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے ، ان ممالک سے براہ راست یا بالواسطہ پاکستان آمد پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ تاہم کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پاکستان کا سفر کرنے والے پاکستانیوں کو خصوصی سفری اجازت نامہ لینا ہو گا ۔ اور پاکستانی مسافروں کو ائیر پورٹ پر ویکسی نیشن اور کورونا ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ دکھانا لازم ہو گی ۔

این سی او سی حکام کے مطابق پاکستان آنے والے مسافروں کو 72 گھنٹے پہلے کی منفی رپورٹ بھی دکھانا ہو گی ، جبکہ مسافروں کا ائیرپورٹ پر ہی ریپڈ اینٹی جین ٹیسٹ ہو گا ۔

واضح رہے کورونا کا نئے ویرینٹ "اومی کرون " جنوبی افریقی صوبے میں دریافت ہوا ہے جس کے حوالے سے طبی ماہرین نے الرٹ کیا ہے کہ یہ وائرس کورونا کے پہلے وائرس کے مقابلے میں اس قدر تبدیلیاں آ چکی ہیں کہ اب تک مارکیٹ میں دستیاب ویکسینز بھی اس کے خلاف صرف 40 فیصد تک ہی موثر ثابت ہو سکتی ہیں ۔

طبی ماہرین کے مطابق نئے ویرینٹ کی علامات کافی حد تک سابقہ اقسام سے ملتی جلتی ہی ہیں جیسے بخار ، کھانسی ، تھکن ، ذائقے اور سونگھنے کی حس کا ختم ہونا ، تاہم اس میں ویرینٹ میں ان علامات کی شدت پچھلی تمام اقسام سے زیادہ شدید ہو سکتی ہیں ۔