• Wednesday, 20 October 2021
کرکٹ دیوانوں کے لیے اچھی خبر۔۔۔۔۔

کرکٹ دیوانوں کے لیے اچھی خبر۔۔۔۔۔

لاہور ( نیا ٹائم ) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ ایک بار پھر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کو پہنچ گیا ، ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے ویمن ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھجوانے کی تصدیق کر دی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے درمیان شیڈول کے حوالے سے حتمی بات چیت ہو رہی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اگلے ماہ کی 8 ، 11 اور 13 نومبر کو تین ون ڈے میچز کھیلے جانے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ویسٹ انڈیز ٹیم نومبر کے آغاز میں کراچی پہنچے گی جہاں وہ 3 روز تک قرنطینہ پیریڈ گزارے گی اس کے بعد وہ ٹریننگ کر سکے گی ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیڈول تینوں ون ڈے میچز کراچی میں کھیلے جانے کا امکان ہے ۔ ویسٹ انڈیز سے سیریز کے حوالے سے پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 22 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہونے کا امکان ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ ویمن کرکٹ ٹیم کے بعد ویسٹ انڈیز مردوں کی ٹیم بھی پاکستان آئے گی ۔ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں سیریز کھیلنے کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے لیے زمبابوے روانہ ہوں گی ۔ واضح رہے پہلے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کھیلے بغیر واپس روانہ ہو گئی اور سیریز منسوخ ہوئی جس کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمن کرکٹ ٹیموں نے بھی پاکستان کے دورے پر آنا تھا تاہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ منسوخ کر دیا ۔ جس کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لیے سرگرم ہے ۔ واضح نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سکیورٹی کا بہانہ بنا کر سیریز ختم کرنے پر سب سے پہلے ویسٹ انڈیز کے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان کے حق میں آواز بلند کی تھی اور پاکستان کو کھیلوں کے لیے محفوظ ملک قرار دیا تھا ۔