کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو بڑی پیشکش

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو بڑی پیشکش

 

اسلام آباد ( نیا ٹائم ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تحریک طالبان پاکستان کو مشروط معافی دینے کا اعلان کردیا ۔ شاہ محمود قریشی کے مطابق تحریک طالبان پاکستان دوبارہ پاکستان میں دہشت گردی نہ کرنے کا وعدہ کرے اور پاکستانی آئین کو تسلیم کرے تو انہیں معافی دینے کے لیے تیار ہیں ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بیان صدر مملکت عارف علوی کے نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے چند روز بعد سامنے آیا ہے ۔ صدر مملکت عارف علوی نے بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کےارکان کو ہتھیار ڈال کر پاکستانی آئین تسلیم کرنے اور جرائم میں ملوث نہ ہونے کی گارنٹی پر معافی دینے کا اعلان کیا تھا ۔ جس کے بعد اب وزیر خارجہ نے بھی مشروط معافی کی پیشکش کردی ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے افغان جیلوں سے کالعدم تنظیم کے قیدیوں کے نکلنے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اپنی سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کے وعدے کی پاسداری کریں تو یہ خوش آئند بات ہے ۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سابق افغان صدر اشرف غنی کو افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کی نشاندہی کرتے رہے لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔