• Wednesday, 20 October 2021
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کیا کہا ؟

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کیا کہا ؟

کراچی ( نیا ٹائم ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے نام لکھا گیا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا آخری خط سامنے آ گیا ۔ ایٹمی سائنسدان اور پاکستانی ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر مرحوم نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو رواں ماہ کی 4 تاریخ کو خط لکھا۔ خط کے متن کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے  وزیر اعلیٰ سندھ کے بھجوائے گئے گلدستے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ میری طبیعت بہتر ہے ۔ انہوں نے لکھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میرے صوبے کے وزیر اعلیٰ نے مجھے اس وقت میں یاد رکھا ۔ انہوں نے لکھا کہ مجھے تو ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان ، وزرائے اعلیٰ بلوچستان ، خیبر پختونخوا میرے انتقال کی اچھی خبر سننے کے منتظر ہیں ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے لکھا کہ مشکل وقت میں یاد رکھنے پر وزیر اعلیٰ سندھ کا مشکور و ممنون ہوں ۔ واضح رہے محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان آج علی الصبح اسلام آباد میں 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی ، جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں بھی ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ واضح رہے ڈاکٹر عبدالقدیر خان رواں برس 26 اگست کو کورونا سے متاثر ہوئے تھے جس کے بعد انہیں کہوٹہ ریسرچ لیبارٹری ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ، تاہم صحت میں بہتری کے بعد انہیں واپس گھر منتقل کر دیا گیا تھا ، آج صبح دوبارہ طبیعت بگڑنے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے ۔