• Wednesday, 20 October 2021
پی ایف ایم اے کی ہڑتالی کال واپس

پی ایف ایم اے کی ہڑتالی کال واپس

لاہور(نیا ٹائم):پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) نے حکومت پنجاب کی طرف سے چار میں سے دو مطالبات منظور کیے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے منگل کو ہونے والی ہڑتال کال واپس لے لی۔رپورٹ کے مطابق پی ایف ایم اے پنجاب کے چیئرمین طاہر حنیف ملک نے سیکریٹری خوراک علی سرفراز حسین کی جانب سے 19 ستمبر کو جاری ہونے والا نوٹی فکیشن شیئر کیا،لیکن اس پر 9 اکتوبر (ہفتہ) کو دستخط کیے گئے تھے۔اس نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ گندم کی ترسیل ہر ضلع کی آبادی کے مطابق کی جاۓ گی جبکہ فلور مل کی فی رولر باڈی کو کم از کم 12 تھیلوں کی ترسیل مینٹین رکھی جائے گی۔نوٹی فکیشن میں گندم سے حاصل ہونے والی دیگر مصنوعات کے لیے پالیسی کا دوبارہ جائزہ بھی لیا گیا ہے اور گندم کے عوامی ذخیرے میں 70 فیصد گندم، 18 فیصد معدہ اور 12 فیصد چوکر نکالنے کی اجازت دی گئی ہے۔ طاہر حنیف ملک کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ صوبے میں فلور ملز کے لیے گندم کا کوٹہ 60 فیصد تک بڑھایا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ 20 سے 30 فیصد فائن اور چوکر نکالنے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر دو مطالبات، جس میں گندم پیسنے کے قیمت اور ضلع میں موجود مل سے گندم حاصل کرنے کی اجازت شامل ہے؛ جلد منظوری کے لیے جائیں گے کیونکہ اس حوالے سے سمری صوبائی کابینہ کو ٹرانسفر کر دی گئی ہے۔مزید پیش رفت کے حوالے سے بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن نے منگل سے اعلان کردہ ملز کی بندش کی  ہڑتال کال واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔