پسند کی شادی کرنیوالا نوجوان سرعام قتل ، بیوی زخمی

پسند کی شادی کرنیوالا نوجوان سرعام قتل ، بیوی زخمی

کراچی ( نیا ٹائم ) پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کو سر عام دن دیہاڑے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا ، بیوی اور نوجوان کا بھائی زخمی ہو گئے ۔ کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ بیوی اور لڑکے کے بھائی سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ فیروز آباد کی حدود میں پیش آیا جہاں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ کی گئی ، جس سے نوجوان وسیم موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ لڑکی کوثر ، وسیم کا بھائی نصیر اور ڈرائیور منیر زخمی ہو گئے ۔ نوجوان کے کزن نے گاڑی سے چھلانگ لگا کر جان بچائی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں لڑکی کے والد ، بھائی ، کزن ، چاچا اور ماموں ملوث تھے ۔ جو لڑکی کی پسند کی شادی پر خوش نہ تھے ۔ ملزموں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے وسیم نے کوثر سے پسند کی شادی کی تھی اور ان کے خلاف حیدر آباد میں مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا ۔ جس کے بعد پسند کی شادی کرنے والا جوڑا کراچی منتقل ہو گیا تھا ۔ فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد سندھ ہائیکورٹ حیدر آباد بینچ میں آج بھی پیشی کے بعد واپس آ رہے تھے ۔ ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل کے مطابق قتل ہونے والے نوجوان وسیم کا بھائی نصیر ، کزن یاسین اور ڈرائیور منیر شاہ بھی پیشی پر سندھ ہائیکورٹ حیدر آباد گئے تھے  ، تاہم وقوعہ کے وقت مقتول وسیم کے کزن یاسین نے گاڑی سے چھلانگ لگا کر جان بچائی ۔

پولیس کے مطابق ملزم فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گئے ، پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیاں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کر کے فرانزک کے لیے بھجوا دئیے ہیں جبکہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے ۔ واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔