پاکستانی سائیکلسٹ کا دستہ روانہ

پاکستانی سائیکلسٹ کا دستہ روانہ

کراچی ( نیا ٹائم ) بیلجیئم میں ہونے والی عالمی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے 4 رکنی پاکستانی ٹیم کراچی سے بیلجیئم روانہ ہو گئی ۔ چار رکنی ٹیم میں 2 خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں ۔ ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 19 سے 26 ستمبر تک فلینڈر میں منعقد ہوگی ۔ پاکستانی سائیکلسٹ میں خلیل امجد ، علی الیاس ، کنزہ ملک اور عاصمہ جان حصہ لے رہی ہیں ۔ پاکستانی  دستے میں پہلی بار 2 خواتین کھلاڑی بھی شریک ہیں ۔ پاکستانی دستے کے ساتھ شعیب نظامی بطور منیجر روانہ ہوئے ہیں ۔ پاکستانی ٹیم کراچی سے براستہ دبئی بیلجیئم پہنچے گی ۔ قومی سائیکلسٹس نے ایونٹ میں شرکت کے لیے بھرپور محنت کی تھی ، غیر ملکی ٹرینرز نے بھی آن لائن پاکستانی کھلاڑیوں کو رہنمائی فراہم کی تھی ۔روانگی سے قبل پاکستانی ایتھیلیٹس نے سائیکلنگ چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔ پاکستانی کھلاڑی انفرادی ٹائم ٹرائلز کے ایونٹ میں حصہ لیں گے ، مردوں کی 43.3 کلومیٹر ٹریک پر مشتمل ایونٹ 19 ستمبر جبکہ 30.3 کلومیٹر پر مشتمل خواتین کا ٹائم ٹرائل ایونٹ 20 ستمبر کو منعقد ہوگا ۔ پاکستانی خاتون سائیکلسٹ عاصمہ جان نے روانگی سے قبل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر کے قوم کا نام روشن کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔